Live Updates

سینیٹ میں اپوزیشن ارکان نے ایوان میں وفاقی وزرا کی عدم موجودگی پر ایوان بالا سے واک آئوٹ کیا

جمعہ 20 جون 2025 13:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) سینیٹ میں اپوزیشن ارکان نے ایوان میں وفاقی وزرا کی عدم موجودگی پر ایوان بالا سے واک آئوٹ کیا۔ جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی ایوان سے واک آئوٹ کیا تھا اور ہمیں بتایا گیا تھا کہ وفاقی وزرا ایوان میں آ رہے ہیں لیکن ابھی تک کوئی بھی وزیر نہیں آیا ہم اس پر احتجاجاً دوبارہ واک آئوٹ کرتے ہیں۔

ڈپٹی چیئرمین نے کہا کہ ہمیں بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزرا ءایوان میں آ رہے ہیں آپ ایوان میں بیٹھیں، بار بار واک آئوٹ کرنے سے تو آنا جانا لگا رہے گا لیکن اپوزیشن ارکان اس کے باوجود ایوان سے واک آئوٹ کر گئے۔ اسی دوران وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وفاقی وزیر خالد مگسی بھی ایوان میں آ گئے۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی کے سینیٹر دوست محمد خان نے ایوان میں آ کر کورم کی نشاندہی کر دی۔ ڈپٹی چیئرمین نے پانچ منٹ تک ایوان میں گھنٹیاں بجانے کا حکم دیا۔ وفاقی وزرا بعد ازاں اپوزیشن سینیٹرز کو منا کر واپس لے آئے جس کے بعد ڈپٹی چیئرمین کے گنتی کرانے پر کورم پورا نکلا۔وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ہم اپوزیشن ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ وہ ایوان میں واپس آئے ہیں اس وقت قومی اسمبلی کا اجلاس بھی ہو رہا ہے اور وہاں پہ بھی بجٹ پر بحث ہو رہی ہے۔

بجٹ میں اپوزیشن کی تجاویز کو مثبت طریقے سے سنا جائے گا اور انہیں بجٹ میں شامل بھی کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سولر پر ٹیکس 18 فیصد کرنے کی تجویز تھی اب نائب وزیراعظم نے اعلان کر دیا ہے دونوں ایوانوں کے ارکان کی تجاویز پر یہ ٹیکس کم کر کے 10 فیصد کر دیا گیا ہے اسی طرح تنخواہوں میں اضافہ جو 6 فیصد ہو رہا تھا اسے بھی بڑھا کر 10 فیصد کر دیا گیا ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات