اداکارہ عائشہ خان کے انتقال پر شوبز شخصیات کا اظہار افسوس

عائشہ خان کی وفات کو کئی دن گزر چکے تھے، مگر سب سوتے رہے، ہم سب ایک جیسے ہیں، سب کام کی حد تک دوستی کرتے ہیں‘ یاسرحسین

جمعہ 20 جون 2025 17:11

اداکارہ عائشہ خان کے انتقال پر شوبز شخصیات کا اظہار افسوس
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2025ء) پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر ٹی وی اداکارہ عائشہ خان کے انتقال پر شوبز شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔باصلاحیت اور باکمال اداکارہ کا انتقال 76برس کی عمر میں ہوا۔اداکار عدنان صدیقی نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زندگی کے سفر کے آغاز میں ہماری ملاقات کبھی کبھار ایسے لوگوں سے ہوتی ہے جو خاموشی سے ہماری زندگی میں گہرا اثر چھوڑ جاتے ہیں اور ان کے لیے عائشہ خان ایسی ہی ایک شخصیت تھیں۔

عدنان صدیقی نے مزید لکھا کہ عائشہ خان ان کی آن اسکرین ماں تھیں۔اداکار خالد انعم نے عائشہ خان کے انتقال کی افسوسناک خبر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ انتہائی افسوس کے ساتھ اطلاع دی جاتی ہے کہ لیجنڈری پاکستانی اداکارہ عائشہ خان اس دنیا سے رخصت ہو گئی ہیں۔

(جاری ہے)

خالد انعم نے مزید لکھا کہ ان کی عمر 76سال تھی، اللہ تعالی ان کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے اور ان کے اہل خانہ، مداحوں اور چاہنے والوں کو صبر عطا فرمائے۔

اداکار احسن خان نے ان کے انتقال کی خبر شیئر کرتے ہوئے ان کے لیے دعا کی کہ اللہ تعالی انہیں جنت نصیب فرمائے۔اداکارہ شگفتہ اعجاز نے عائشہ خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اداکارہ کی رہنمائی اور اپنے پہلے ڈرامے آنچ میں ان کی حمایت کو وہ کبھی نہیں بھولیں گی۔شگفتہ اعجاز نے مرحومہ کی مغفرت کے لیے بھی دعا کی۔اداکارہ جویریہ سعود نے ان کے انتقال کی خبر شیئر کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی انہیں جنت نصیب فرمائے۔

اداکار یاسر حسین نے بھی عائشہ خان کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اداکارہ کی وفات کو کئی دن گزر چکے تھے، مگر سب سوتے رہے، ہم سب ایک جیسے ہیں، سب کچھ بھول جاتے ہیں۔انہوں نے مزید لکھا کہ شوبز انڈسٹری میں فنکاروں کی روز ایک دوسرے سے ملاقات ہوتی ہے، دوستی بھی کرتے ہیں، مگر وہ صرف کام کی حد تک محدود رہتی ہے۔