پشاور سنٹرل جیل میں منفرد نوعیت کا پہلاڈرگ رہیب سنٹر قائم

جمعہ 20 جون 2025 17:46

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی ہدایات پر پشاور سنٹرل جیل میں اپنی نوعیت کا پہلاڈرگ رہیب سنٹر قائم کردیاگیا ۔ترجمان پشاور سنٹرل جیل کی جانب سے جمعہ کو جاری تفصیلات کے مطابق ابتدائی طور پر ایک مکمل بلاک نشے کے عادی افراد کے علاج کے لیے مختص کیا گیا ہے، سنٹر میں 40 کے قریب افراد کا علاج جاری ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق رہیب سنٹر میں علاج کا ابتدائی دورانیہ کم ازکم تین ماہ کا رکھا گیا ہے،سنٹر میں صاف ستھرا ماحول، کھیل، ورزش، اسلامی تعلیمات اور اوپن ائیر جم شامل ہے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے نشے سے پاک پشاور کے لیے ڈرگ فری پشاور مہمات چلائیں، مختلف مہموں کے دوران اب تک تین ہزار 800 سے زائد افراد کا علاج کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے بحال شدہ مریض کو 50,000 روپے مالی امداد اور فنی تربیت و روزگار فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا تھا، منشیات کے عادی افراد کا مفت علاج اب صحت کارڈ پلس کے تحت بھی ممکن ہے۔