Live Updates

چاغی کی ترقی کے لیے مختص فنڈز وزیر اعلیٰ کی عوام دوستی کا مظہر ہیں، اعجاز خان سنجرانی

جمعہ 20 جون 2025 19:13

دالبندین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2025ء)سابق صوبائی مشیر اعجاز خان سنجرانی نے مالی سال 2025-26 کے صوبائی بجٹ کو ضلع چاغی کی ترقی و خوشحالی کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان جناب سرفراز بگٹی کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں چاغی کے ہر شعبے کے لیے ترقیاتی فنڈز کی شمولیت وزیر اعلیٰ کی عوام دوستی، بصیرت افروز قیادت اور خطے سے کمٹمنٹ کا واضح ثبوت ہے۔

اعجاز سنجرانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے اپنے حالیہ دورہ نوکنڈی کے دوران عوام سے جو وعدے کیے تھے، وہ محض رسمی باتیں نہیں تھیں بلکہ آج وہ وعدے عملی شکل اختیار کر چکے ہیں۔ ہر شعبے کو بجٹ میں شامل کرنا اس عزم کا مظہر ہے کہ چاغی کو واقعی ماڈل ضلع بنایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم، صحت، سڑکوں کی تعمیر، پینے کے صاف پانی کی اسکیموں اور دیگر بنیادی سہولیات کے ساتھ ساتھ نوکنڈی ماسٹر پلان کی منظوری اور دالبندین کے ماسٹر پلان جیسے دیرینہ منصوبوں کے لیے مختص فنڈز چاغی کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔

یہ نہ صرف وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کی دور اندیشی کا ثبوت ہے بلکہ سابق چیئرمین سینیٹ حاجی صادق سنجرانی کے اس خواب کی تعبیر بھی ہے، جس میں وہ چاغی کو ایک مثالی اور ترقی یافتہ ضلع دیکھنا چاہتے تھے۔اعجاز سنجرانی نے کہا کہ حاجی صادق سنجرانی کے وڑن اور ان کی ٹیم کی مسلسل کاوشوں کی بدولت چاغی اب اٴْس مقام کے قریب ہے، جس کا انتظار یہاں کے عوام کئی دہائیوں سے کرتے آئے ہیں۔

موجودہ بجٹ میں شامل منصوبے چاغی کو صرف ترقی کی راہ پر گامزن نہیں کریں گے بلکہ جلد ہی چاغی کو بلوچستان کا پہلا ماڈل ضلع بنا دیں گے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ چاغی کے عوام کی جانب سے میں وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی، حکومت بلوچستان اور متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے اس پسماندہ مگر اہم خطے کو اپنی ترجیحات میں اہم مقام دیا۔ان شائ اللہ، چاغی کے عوام نے جو اعتماد ہمیں گزشتہ انتخابات میں دیا، ہم اس پر سرفراز بگٹی کی عوام دوست حکومت کے تعاون سے پوری طرح پورا اتریں گے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات