ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کی زیر صدارت ماہانہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کے اجلاس کا انعقاد

جمعہ 20 جون 2025 19:29

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کی زیر صدارت ماہانہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام 2024/2025 کے تحت تعمیر کیے جانے والے دو نئے ریسکیو اسٹیشنز، محرم الحرام کور پلان، گرمائی سیزن/خشک سالی کے باعث جنگلات میں آتشزدگی، پری مون سون کے باعث لینڈ سلائیڈنگ پر فوری اقدامات پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حکومت پنجاب ائیر ایمبولینس سروس کے ساتھ ساتھ ضلع مری اور تحصیل کوٹلی ستیاں میں سالانہ ترقیاتی پروگرام 2025/2026 کے تحت دو نئے ریسکیو اسٹیشنز تعمیر کرنے جا رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر مری کی جانب سے نئے ریسکیو اسٹیشنز کے حصول کے لیے محکمہ ریونیو سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے سربراہان کو ہدایات جاری کی کہ تمام اقدامات فوری مکمل کئے جائیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مری، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، اسسٹنٹ کمشنر مری، ڈویژنل فارسٹ آفیسر مری، محکمہ ہائی وے، بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ، انچارج محکمہ صحت، افسران ضلعی و تحصیل انتظامیہ، سول ڈیفنس، واپڈا، سوئی گیس، ویسٹ مینجمنٹ، سمیت دیگر محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔