بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 35 ایکڑ سے زائد رقبے پر زیر کاشت مضر صحت فصلیں تلف کر دی گئیں

جمعہ 20 جون 2025 22:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے35 ایکڑ سے زائد رقبے پر زیر کاشت مضر صحت فصلیں ٹماٹر اور کدو شامل تلف کردیں۔ ان فصلوں کو نالوں اور آلودہ پانی سے سیراب کیا جا رہا تھا جو شہریوں کی صحت کیلئے ممکنہ طور پر سنگین خطرہ ہیں۔قبل ازیں بی ایف اے حکام اور پولیس کی مشترکہ ٹیم جب کارروائی کے لیے پہنچی تو زمینداروں کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔

مشتعل افراد نے اتھارٹی اور پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا۔واقعہ میں ملوث تین افراد کو موقع پر گرفتار کرکے ان کے خلاف مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی ۔ ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی وقار خورشید عالم نے کہاکہ’’قانون سے کوئی بالاتر نہیں شہریوں کی صحت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا‘‘۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے مکمل تعاون سے اتھارٹی کی جانب سے ایسے غیر قانونی زرعی اقدامات کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی ، مضر صحت خوراک کی پیداوار و فروخت کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔محفوظ خوراک ہر شہری کا بنیادی حق ہے ، بی ایف اے کی اس مہم کا بنیادی مقصد شہریوں کو صاف محفوظ اور غذائیت سے بھرپور خوراک کی یقینی فراہمی ہے۔