حکومت کا بجلی کے بلوں پر اضافی سرچارج لگانے کا فیصلہ

پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ ختم کرنے کیلئے عوام کی جیبوں سے کھربوں روپے اضافی نکالے جائیں گے

muhammad ali محمد علی جمعہ 20 جون 2025 21:01

حکومت کا بجلی کے بلوں پر اضافی سرچارج لگانے کا فیصلہ
لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20جون 2025) حکومت کا بجلی کے بلوں پر اضافی سرچارج لگانے کا فیصلہ، پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ ختم کرنے کیلئے عوام کی جیبوں سے کھربوں روپے اضافی نکالے جائیں گے ۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں مہنگائی 60 سال کی کم ترین سطح پر آ جانے کا دعوٰی کرنے والی حکومت نے نئے مالی سال میں عوام پر مہنگائی کا نیا بم گرانے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

سینیٹ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں بجلی بلوں میں صارفین کیلئے اضافی سرچارج عائد کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ بجلی بلوں پر وزارت توانائی کو اضافی سرچارج عائد کرنے کی فنانس بل میں منظوری دی گئی۔ سینیٹ کمیٹی برائے خزانہ اجلاس میں سرچارج پر وزارت توانائی حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا اسوقت زیادہ سے زیادہ 3 روپے 23 روپے تک سرچارج عائد ہے اور کم سے کم سرچارج 2 روپے 83 پیسے تک عائد ہے۔

(جاری ہے)

حکام کا کہنا تھا کہ سرچارج عائد کرنے کیلئے کیپ کو ختم کر رہے ہیں جس سے مزید سرچارج عائد ہو گا۔ حکام نے مزید کہا کہ گردشی قرضہ ختم کرنے کیلئے کمرشل بینکوں سے1270 روپے قرض لیا گیا، کمرشل بینکوں کو قرض کی واپسی کیلئے صارفین سے اضافی رقم وصول ہو گی۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائےخزانہ سے اس تجویز کو متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔
                                                                                                                       

متعلقہ عنوان :