نیب لاہور نے میگا کرپشن سکینڈل میں2 ارب روپے کا چیک ایڈیشنل سیکرٹری فنانس کے حوالہ کر دیا، ترجمان

جمعہ 20 جون 2025 21:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور کے ڈائریکٹر جنرل غلام صفدر شاہ کی نگرانی میں نیب لاہور انویسٹی گیشن ٹیم نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ شیخوپورہ کے افسران و اہلکاروں کی مبینہ میگا کرپشن کیخلاف جاری تحقیقات میں رواں سال کی بڑی پلی بارگین کرتے ہوئے 2 ارب مالیت کی ریکوری یقینی بنائی ہے۔

ترجمان نیب کے مطابق ڈی جی نیب لاہور نے ملزمان سے برآمد رقم کا چیک ایڈیشنل سیکرٹری فنانس پنجاب خالد محمود کے حوالہ کیا۔ نیب لاہور میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ و ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس شیخوپورہ کے ا فسران و اہلکاروں کیخلاف مبینہ طور پر 5 ارب مالیت کے بوگس چیک جاری کرنے کی تحقیقات جاری ہیں ،تاہم دورانِ تحقیقات ملوث ملزمان نے اپنے جرم کو قبول کرتے ہوئے نیب قانون کے تحت پلی بارگین کی درخواست دی جسے احتساب عدالت لاہور نے منظور کیا۔

(جاری ہے)

پلی بارگین کے تحت موصول رقم کی پہلی قسط قومی خزانہ میں جمع کرادی گئی ہے۔ نیب لاہور کی جانب سے ملزمان کیخلاف کرپشن شکایات موصول ہونے پر گزشتہ سال ستمبر میں باقاعدہ انکوائری کا آغاز کیا گیا ۔ نیب لاہور کی انویسٹی گیشن ٹیم نے انتہائی قلیل مدت میں ملزمان سے 2 ارب کی ریکوری ممکن بنائی۔ اس موقع پر ڈی جی نیب لاہور غلام صفدر شاہ نے کہا کہ نیب لاہور کی انویسٹی گیشن ٹیم نے اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قلیل مدت میں ملزمان سے لوٹی گئی قومی دولت کی واپسی یقینی بنائی ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ سکینڈل میں دیگر ملزمان کیخلاف سرکاری فنڈز میں مبینہ غبن کی تحقیقات تاحال جاری ہیں ۔ ڈی جی نیب لاہور نے چیئرمین نیب کے ویژن سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ نیب کی اولین ترجیح عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنا ہے جس کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن سکینڈلز میں متاثرین کی لوٹی رقوم کی برآمدگی اور متعلقہ متاثرین میں تقسیم کیلئے ملزمان کی ضبط شدہ جائیدادوں کی فروخت کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے جسکے لئے آج ڈی سی آفس، لاہور میں ضبط شدہ قیمتی جائیدادوں کا نیلامِ عام بھی منعقدکیا گیا ہے ۔ ضبط شدہ جائیدادوں کی نیلامی کا سلسلہ دیگر اضلاع میں بھی شیڈول کیمطابق جاری رہے گا جسکی تفصیلات جاری کر دی گئی ہیں ۔