آنت کے کینسر سے متاثرہ جگر کا پہلا کامیاب ٹرانسپلانٹ، شوہر نے بیوی کو اپنا جگر دے دیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 21 جون 2025 12:26

آنت کے کینسر سے متاثرہ جگر کا پہلا کامیاب ٹرانسپلانٹ، شوہر نے بیوی ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جون 2025ء ) ملک میں آنت کے کینسر سے متاثرہ جگر کا پہلا کامیاب ٹرانسپلانٹ کرتے ہوئے ڈاکٹروں نے بیوی کو شوہر کا جگر لگا دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان میں آنتوں کے کینسر سے متاثرہ جگر کا پہلا کامیاب ٹرانسپلانٹ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شفاء انٹرنیشنل ہسپتال میں کیا گیا جہاں کراچی سے تعلق رکھنے والی خاتون کو بڑی آنت کے آخری حصے میں کینسر تشخیص ہوا جو بڑھتے ہوئے جگر تک پھیل چکا تھا جس کے باعث ڈاکٹروں نے آنتوں کے کینسر سے متاثرہ جگر کے ٹرانسپلانٹ کا فیصلہ کیا۔

بتایا گیا ہے کہ ٹرانسپلانٹ کے دوران پاکستان میں پہلی بار کینسر کی مریضہ کا مکمل جگر نکال کر خاتون کو ان کے شوہر کا جگر لگا دیا گیا ہے، اس حوالے سے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ کراچی سے تعلق رکھنے والی خاتون کا مکمل جگر کینسر کی وجہ سے تباہ ہوچکا تھا، جس کے باعث ٹرانسپلانٹ کا فیصلہ ہوا تو شوہر نے بیوی کی جان بچانے کے لیے اپنے جگر کا ایک حصہ عطیہ کردیا، ٹرانسپلانٹ کے بعد خاتون اب کینسر سے مکمل طور پر محفوظ ہوچکی ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری طرف باپ کو جگر دینے والی 20 سالہ ڈونر بیٹی جان کی بازی ہار گئی، صوبہ سندھ کے ضلع خیرپور کے شہر رانی پور کے علاقے گمبٹ کے گمس ہسپتال میں جگر کی پیوند کاری کیلئے 20 سالہ مقدس نے آپریشن کرایا لیکن لڑکی جانبر نہ ہوسکی، اس حوالے سے ورثا نے الزام لگایا کہ ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کے باعث ڈونر بیٹی 20 سالہ مقدس جان کی بازی ہار گئی، ڈونر بیٹی کی حالت غیر ہونے پر ڈاکٹرز کہتے رہے بچی ٹھیک ہوجائے گی، ڈاکٹرز نے رات 2 بجے فون کر کے کہا بچی کو آ کر لے کر جاؤ، شجاع آباد جا کر تدفین کی، بیٹی کی موت کا سن کر بیمار باپ کی بھی طبیعت بھی خراب ہوگئی۔