Live Updates

ایران کے خلاف ہماری لڑائی طویل عرصے تک چل سکتی، اسرائیلی فوج

فوج ایرانی جوہری مقامات پر بمباری جاری رکھے ہوئے ہے اور ان کارروائیوں میں توسیع ہوگی،ترجمان

ہفتہ 21 جون 2025 13:43

ایران کے خلاف ہماری لڑائی طویل عرصے تک چل سکتی، اسرائیلی فوج
تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2025ء) اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ ایران کے خلاف اس کی کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک اس کے تمام بیان کردہ مقاصد حاصل نہیں ہو جاتے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان نے اپنی روزانہ کی پریس بریفنگ میں وضاحت کی کہ اسرائیلی فورسز زیر زمین اور ایران کی فضائی حدود کے حوالے کام کر رہی ہیں۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ آنے والے دن مشکل ہوں گے۔ لڑائی طویل عرصے تک چل سکتی ہے۔ تہران میں ایرانی داخلی سلامتی کے ہیڈکوارٹر سمیت دیگر فوجی اور جوہری مقامات پر حملہ کیا گیا ہے۔اسرائیلی فوجی ترجمان نے کہا کہ فوج ایرانی جوہری مقامات پر بمباری جاری رکھے ہوئے ہے اور ان کارروائیوں میں توسیع ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بھی کہا کہ تہران ہم پر حملے جاری رکھے گا اور فوجی آپریشن ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔

ایرانی میزائل لانچروں کو تباہ کرنے سے اسرائیل کو اپنے جنگی مقاصد حاصل کرنے میں مدد مل رہی ہے۔ انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ اسرائیلی فوج سات محاذوں پر لڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسرائیل کے لیے موجود ایرانی خطرے کو ختم کرنا جاری رکھے ہوئے ہے۔ترجمان نے عندیہ دیا کہ ایک ایرانی میزائل بئر السبع پر گرا ہے جس سے نقصان ہوا اور لوگ زخمی ہوئے ۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات