وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ایل ڈبلیو ایم سی کے ملازمین کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد

صوبائی وزراء ملک فیصل ایوب کھوکھر ،ذیشان رفیق کی شرکت ،سینٹری ورکرز کو خراج تحسین ،مالی اعزازات سے نوازا گیا

ہفتہ 21 جون 2025 16:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2025ء)وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) کے سینٹری ورکرز کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی کے مثالی انتظامات پر ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا اور 10,000روپے فی کس کے چیکس تقسیم کیے گئے۔

تقریب میں صوبائی وزیر کھیل و لیبر ملک فیصل ایوب کھوکھر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق، چیئرمین ایل ڈبلیو ایم سی بلال ذوالفقار، اور اسسٹنٹ کمشنر اقبال ٹاؤن خواجہ عمیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔اپنے خطاب میں ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ عیدالاضحیٰ پر صفائی مہم کو مشن سمجھ کر چلایا گیا، سینٹری ورکرز نے جس محنت، جذبے اور ذمہ داری کے ساتھ کام کیا وہ قابلِ فخر ہے۔

(جاری ہے)

ان کی شب و روز خدمات دراصل وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کی عملی تعبیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صفائی نظام کی بہتری کو ایک مستقل پالیسی کے طور پر آگے بڑھا رہی ہے۔ ایل ڈبلیو ایم سی، بلدیاتی اداروں اور انتظامیہ کی مشترکہ کاوشوں سے عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کا خواب شرمندہ تعبیر ہو رہا ہے۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی صفائی مہم کے دوران نگرانی کو سراہتے ہوئے ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ ان کی مثالی قیادت نے عید کے دنوں میں صفائی کو چیلنج کے بجائے خدمت میں بدل دیا۔

ملک فیصل ایوب کھوکھر نے مزید کہا کہ محنت کش طبقات، بالخصوص صفائی کے شعبے میں خدمات انجام دینے والے ورکرز، ہمارے اصل قومی ہیرو ہیں۔ ان کی خدمات کے اعتراف اور وقار کی بحالی کے لیے حکومت پنجاب ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔تقریب کے اختتام پر سینٹری ورکرز میں 10 ہزار روپے فی کس کے چیکس تقسیم کیے گئے، تاکہ ان کی انتھک محنت کو صرف زبانی خراج تحسین ہی نہیں بلکہ عملی اعزاز بھی دیا جا سکے۔