آر ڈبلیو ایم سی کی ڈویژن بھر میں تقاریب، صفائی ورکرز میں چیکس تقسیم

ہفتہ 21 جون 2025 17:17

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2025ء) راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (آر ڈبلیو ایم سی) نے عیدالاضحیٰ صفائی آپریشن میں شریک صفائی ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ڈویژن بھر پروقار تقاریب کا انعقاد کیا، تحصیل راولپنڈی کے 1000 سے زائد صفائی ورکرزمیں فی کس 10,000 روپے کے چیک تقسیم کیے گئے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پرستھرا پنجاب پروگرام کے تحت راولپنڈی تحصیل کی مرکزی تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس میں سپیشل سیکرٹری بلدیات پنجاب آسیہ گل مہمانِ خصوصی تھیں جبکہ صدارت ایم این اے طاہرہ اورنگزیب نے کی۔

دیگر معزز مہمانوں میں ایم این اے راجہ قمرالاسلام، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ،سی ای او آر ڈبلیو ایم سی رانا ساجد صفدر، سابق میئر سردار نسیم، صدر میونسپل لیبر یونین راجہ ہارون، چیئرمین چنگیز بھٹی، خان مجید، بلال خاور، بلال نیازی، عامر نائیک، حسن سردار، ناصر محموداور دیگر سیاسی، سماجی و میڈیا شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب کے دوران مہمانانِ خصوصی نے صفائی کے عملے کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا اور تحصیل راولپنڈی کے 1000 سے زائد صفائی ورکرزمیں فی کس 10,000 روپے کے چیک تقسیم کیے۔

یہ چیکس ان محنت کشوں کی شبانہ روز محنت اور عیدالاضحیٰ کے دوران قربانی کے ایام میں شہر کو صاف رکھنے کی لگن کا اعتراف تھے۔سپیشل سیکرٹری بلدیات پنجاب آسیہ گل نے اپنے خطاب میں کہا کہ صفائی ورکرز پنجاب کے اصل ہیرو ہیں۔ ان کی خدمات کو تسلیم کرنا حکومت پنجاب کی ترجیح ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کے وژن کے مطابق صفائی کے شعبے کو باعزت بنانے اور ورکرز کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔

صدرِ تقریب ایم این اے طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ صفائی کرنے والے مزدور ہمارے معاشرے کے وہ ستون ہیں جن کے بغیر کوئی نظام قائم نہیں رہ سکتا۔ حکومت ان کے مسائل حل کرنے اور انہیں مستقل روزگار کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔ایم این اے راجہ قمرالاسلا نے کہا کہ یہ چیکس صرف ایک مالی معاونت نہیں بلکہ ورکرز کی عزت و احترام کا عملی اظہار ہیں۔

ہماری حکومت مزدور دوست ہے اور یہی وژن ہمیں وزیراعلیٰ محترمہ مریم نواز شریف سے ملا ہے۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے کہا کہ صفائی کے محاذ پر کام کرنے والے کارکنان ہمارے شہروں کی خوبصورتی اور صحت کے ضامن ہیں۔ ضلعی انتظامیہ ان کی فلاح و بہبود میں ہر ممکن کردار ادا کرتی رہے گی،سابق میئر سردار نسیم نے صفائی ورکرز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی کو صاف رکھنے والے یہ ورکرز ہمارے دلوں کے قریب ہیں۔

ان کے بغیر ترقی کا خواب ادھورا ہے۔راجہ ہارون نے مطالبہ کیا کہ صفائی ورکرز کی سروس سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے اور مستقل روزگار فراہم کیا جائے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر آر ڈبلیو ایم سی رانا ساجد صفدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ صفائی کرنے والے ہمارے شہر کے اصل معمار ہیں۔ عید کے ایام میں ان کی مسلسل محنت نے راولپنڈی کو صاف ستھرا رکھا۔ ان کے لیے مالی معاونت فراہم کرنا ادارہ جاتی ہی نہیں بلکہ اخلاقی فرض بھی ہے۔

ستھرا پنجاب پروگرام’وزیراعلیٰ پنجاب کا ایک انقلابی قدم ہے جو صفائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کر رہا ہے۔ ہم نے 900 ورکرز کی ریگولرائزیشن کے لیے بھی بورڈ میں پیش رفت کی ہے،تقریب میں موجود تمام سیاسی و سماجی نمائندوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے اقدام کو خراج تحسین پیش کیا اور صفائی کے نظام کو دیہی علاقوں تک وسعت دینے کی پالیسی کو سراہا۔صفائی ورکرز نے بھی تقریب میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پہلی بار احساس ہوا ہے کہ ان کی خدمات کو عزت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، آر ڈبلیو ایم سی اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔