Live Updates

لاہور لیڈز یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ندیم بھٹی کا ایجوکیشن رپورٹرز ایسوسی ایشن کے اعزاز میں عشائیہ

بدقسمتی سے تعلیم کا شعبہ زبوں حالی کا ہمیشہ سے شکار رہا ہے، نوجوانوں کو ڈگریوں کے ساتھ ساتھ ہنر کی تعلیم بھی دی جائے تاکہ ملک میں بےروزگاری کا خاتمہ ہوسکے۔ وائس چانسلر لیڈز یونیورسٹی ڈاکٹرندیم بھٹی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 21 جون 2025 23:10

لاہور لیڈز یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ندیم بھٹی کا ایجوکیشن رپورٹرز ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 21 جون 2025ء ) لیڈز یونیورسٹی کے وائس چانسلر ممتاز ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر ندیم بھٹی نے ایجوکیشن رپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر عدنان لودھی اور انکی کابینہ کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکثر ندیم بھٹی کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے تعلیم کا شعبہ زبوں حالی کا ہمیشہ سے شکار رہا ہے ۔

غربت اور مہنگائی نے جہاں تعلیم کے دروازے غریب اور متوسط طبقے کے لیے بند کیے ہیں وہیں آجکا نوجوان مایوسی کا شکار نظر آتا ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے معاشرے میں امید کے پیغام کو عام کیا جائے تا کہ مایوسی کے عنصرکا خاتمہ ہو ۔ لیڈز یونیورسٹی میں طلبہ و طالبات کو اعلی تعلیم کے ساتھ ساتھ انکی ذہنی اور فکری رہنمائی بھی کی جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

ضرورت اس امر کی ہے کہ پرائیوٹ سیکٹر بھی آگے بڑھے اور نوجوانوں کو ڈگریوں کے ساتھ ساتھ ہنر کی تعلیم دی جائے تا کہ ملک میں بےروزگاری کا خاتمہ ہو سکے ۔

نوجوان ڈگریاں لیکر ملک چھوڑنے کی بجائے اپنے ملک میں باعزت روزگار کمانے کے قابل بن سکے ۔ ڈاکٹر ندیم بھٹی کا مزید کہنا تھا کہ جو قومیں ڈسپلن قائم کرنے میں کامیاب ہوجاتی ہیں ترقی اور کامیابی انکے قدم چومتی ہے ۔ نوجوان سیرت محمد عربی کا مطالعہ کریں جو ہر مسلمان کے لیے رول ماڈل ہے ۔ حکومت کو چاہیے کہ تعلیم کے شعبے میں بہتری کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے اور بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے تاکہ غریب کا بچہ بھی اعلی تعلیم حاصل کرسکے ۔

ایجوکیشن رپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر عدنان لودھی کا کہنا تھا کہ شعبہ تعلیم میں بہتری کے لیے تعلیمی رپورٹرز ہمیشہ سے توانا آواز اٹھاتے رہے ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ اس آواز کو سنا جائے ۔ لیڈز یونورسٹی اور تعلیمی رپورٹرز ملکر شعبہ تعلیم میں بہتری کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے تا کہ ملک میں تعلیم کا بول بالا ہو سکے ۔ عدنان لودھی اور تعلیمی رپورٹرز نے ڈاکٹر ندیم بھٹی کی تعلیمی خدمات کو سراہا اور مستقبل میں تعلیمی کانفرنسز اور شعبہ علوم ابلاغیات کے طلبہ اور صحافیوں کے مابین جوائینٹ سیشنز کے انعقاد سمیت دیگر پروگرامات کے انعقاد کو وقت کی ضرورت قرار دیا۔
لاہور لیڈز یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ندیم بھٹی کا ایجوکیشن رپورٹرز ..
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات