Live Updates

دہشت گردی کا چیلنج دوبارہ سر اٹھا رہا ہے، مکمل صفایا کیا جائے گا .شہبازشریف

طاقت کے حصول کی دوڑ میں شامل نہیں، ہم ملک سے غربت ختم کرنے کیلئے کوشاں ہیں صدر ڈ ٹرمپ نے یقین دہانی کروائی وہ پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی شعبہ جات میں بھرپورتعاون کریں گے دفاعی معاہدہ پاکستان اورسعودی عرب کی دیرینہ خواہش تھی، حرمین شریفین کی حفاظت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، دفاعی معاہدہ کسی کے خلاف نہیں .وزیر اعظم کی لندن میں صحافیوں سے گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 29 ستمبر 2025 15:42

دہشت گردی کا چیلنج دوبارہ سر اٹھا رہا ہے، مکمل صفایا کیا جائے گا .شہبازشریف
لندن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔29 ستمبر ۔2025 )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خارجی ہاتھ پاکستان کو پھلتا پھولتا نہیں دیکھنا چاہتے، دہشت گردی کا چیلنج دوبارہ سر اٹھا رہا ہے جس کا مکمل صفایا کیا جائے گا، طاقت کے حصول کی دوڑ میں شامل نہیں، ہم ملک سے غربت ختم کرنے کیلئے کوشاں ہیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی شعبہ جات میں بھرپورتعاون کریں گے .

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی وعسکری قیادت خارجہ پالیسی سمیت تمام اہم معاملات پر ایک پیج پر ہے، میں اور فیلڈ مارشل ہر قومی مسئلے پر مشاورت کرتے ہیں، اقتصادی صورتحال کے حوالے سے بھی باہمی مشاورت کی جاتی ہے، دعا ہے یہ ہم آہنگی جاری رہے تاکہ ماضی کے نقصانات کا ازالہ ہوسکے.

انہوں نے بتایا کہ افواج پاکستان نے بھارت کو جو سبق سکھایا وہ ہمیشہ یادرکھے گا، ہماری بہادرافواج نے بھارت کے خلاف جنگ جیتی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں معرکہ حق میں پاکستان نے تاریخی فتح حاصل کی، جنگ کے دوران پوری قوم اپنی مسلح افواج کے پیچھے کھڑی تھی وزیراعظم نے بتایا کہ نیویارک اورواشنگٹن کا دورہ بہت کامیاب اورمفید رہا، اقوام متحدہ کی عمارت میں غزہ کی صورتحال پر اجلاس خوش آئند پیشرفت ہے، قطر،متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، اردن اورمصر بھی اہم اجلاس میں شریک ہوئے.

ان کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ نے غزہ پر اجلاس کی صدارت کی پاکستان کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا، غزہ سے متعلق اجلاس میں حوصلہ افزا بات چیت ہوئی، یقین کامل ہے کہ غزہ پر حالیہ اجلاس کا مثبت نتیجہ بہت جلد سامنے آئے گا انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے انتہائی خوشگوار ماحول میں گفتگو ہوئی، امریکی صدر سے ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا پچھلے کچھ ماہ سے امریکا کے ساتھ ہمارے تعلقات میں مزید استحکام آیا ہے، ہم نے تجارت اور سرمایہ کاری، آئل ایند گیس ایکسپلوریشن پر بات چیت کی، مائنز اینڈ منرلز سمیت دیگر شعبہ جات میں سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا.

انہوں نے کہا کہ میں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو بتایا کہ بھارت کے ساتھ ہماری روایتی جنگ تھی جو پاکستان نے جیت لی، اور اگر آپ بروقت مداخلت نہ کرتے اور بات بڑھ جاتی تو کون جانتا ہے، کیا ہوچکا ہوتا؟ اسی لیے ہم نے آپ کو نوبیل امن انعام کےلئے نامزد کیا، کیونکہ آپ نے دیگر ملکوں کے درمیان بھی جنگیں اور تنازعات ختم کرائے ہیں، یہ آپ کا بہت بڑا قدم ہے، ہماری دعا ہے کہ آپ کامیاب ہوں، غزہ میں جنگ بندی سے آپ کو بہت دعائیں ملیں گی وزیراعظم نے کہا کہ دفاعی معاہدہ پاکستان اورسعودی عرب کی دیرینہ خواہش تھی، حرمین شریفین کی حفاظت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان دہائیوں سے جاری اعتماد کا رشتہ ہے، پاکستان سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ کسی کے خلاف نہیں.

شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کی مضبوط اقتصادیات کے لیے جستجو کررہے ہیں، ایک ہزار زرعی گریجویٹس کو چین میں تربیت کے لیے بھیجا ہے، قرضوں سے نجات حاصل کرنا ہمارا عزم ہے، صدر ٹرمپ نے یقین دہانی کروائی کہ وہ پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی شعبہ جات میں بھرپورتعاون کریں گے انہوں نے کہا کہ غزہ میں 2023سے جاری ظلم وستم کا سلسلہ اب بند ہونا چاہئے غزہ میں مسلمانوں کے خلاف بربریت کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی، غزہ میں فوری جنگ بندی ہونی چاہئے، غزہ کی صورتحال پر جنرل اسمبلی میں بھرپورآواز اٹھائی، اقوام متحدہ میں فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ بھرپوریکجہتی کا اظہار کیا.

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے جنرل اسمبلی کے فورم پر بھرپورآواز اٹھائی، پانی کے حوالے سے بھی بات کی، سعودی عرب کے دورے میں پاکستان کو بے پناہ عزت دی گئی، سعودی قیادت نے شاندار استقبال کیا جو 24کروڑ پاکستانیوں کیلئے باعث فخر ہے وزیراعظم نے بتایا کہ دہشتگردی کا چیلنج دوبارہ سراٹھا رہا ہے، افواج پاکستان اورقانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے برسرپیکار ہیں، خارجی ہاتھ پاکستان کو پھلتا پھولتا نہیں دیکھنا چاہتے، ہم دہشتگردوں کا مکمل صفایا کریں گے، افواج پاکستان کے جوان اورافسران دن رات قربانیاں دے رہے ہیں، دہشتگردی کا خاتمہ کرکے دم لیں گے.

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان بھارت جنگ بندی میں اہم کردارادا کرنے پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا، پاکستانی قوم نے امن کی کوششوں پر نوبل انعام کیلئے صدر ٹرمپ کا نام تجویز کیا، شبانہ روزمحنت کے نتیجے میں پاکستان اوج ثریا کی منزل حاصل کرے گا وزیر اعظم نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے سیلاب نے بہت بڑی تباہی مچائی، 2022 میں سندھ میں سیلاب سے تباہی ہوئی تھی، اس بار پنجاب میں تباہی دیکھی گئی ہے، ایک ہزار سے زائد شہریوں کی جانیں اللہ کو پیاری ہوگئیں، فصلیں تباہ ہوگئیں، ہم بہت نازک صورت حال کا سامنا کر رہے ہیں، نقصانات کا تخمینہ لگا رہے ہیں، ہمارے حوصلے جوان ہیں، تاہم اس صورت حال سے نکلیں گے اور آگے بڑھیں گے.

ایک سوال کے جواب میں شہباز شریف نے کہا کہ ہم طاقت کے حصول کی دوڑ میں شامل نہیں ہیں، ہم پاکستان سے غربت، بیروزگاری کے خاتمے، سرمایہ کاری، زراعت، مائنز اینڈ منزلز کے شعبہ جات کے ذریعے خوشحالی لانے کے لیے سرگرم ہیں، اور ہم اپنے نوجوانوں کو اے آئی، آئی ٹی، زراعت میں جدید تربیت دیں تو وہ انقلاب لائیں گے، اور اسی پر ہماری توجہ ہے انہوں نے کہا کہ دنیا میں جو کچھ ہوتا رہتا ہے، ہم اس کا بغور جائزہ لیتے رہتے ہیں اور پاکستان کے مفاد کے مطابق فیصلے کرتے ہیں. 
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات