اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق سے ازبکستان کے پارلیمانی وفد کی ملاقات، دوطرفہ پارلیمانی تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی تعاون سمیت اہم عالمی امور پر تبادلہ خیال

پیر 29 ستمبر 2025 15:07

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق سے ازبکستان  کے پارلیمانی وفد  کی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2025ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پاکستان کے دورے پر آئے ازبکستان کے پارلیمانی وفد نے اسپیکر نورالدین اسماعیلوف کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی ، جس میں دوطرفہ پارلیمانی تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی تعاون سمیت اہم عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر اسپیکر قومی اسمبلی نے مہمان وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ پارلیمانی تعاون اور عوامی روابط بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر سردارایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان مشترکہ مذہب، تاریخ اور ثقافت کے رشتوں سے جُڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خطہ میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے پارلیمانی سفارتکاری ناگزیر ہے،پارلیمانی سفارتکاری ممالک کے درمیان روابط بڑھانے کا اہم ذریعہ ہے،سعودی عرب، ترکیہ، آذربائیجان اور ایران کے پارلیمانی وفود بھی اکتوبر میں پاکستان کی پارلیمان کا دورہ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ازبکستان کو آئی پی یو (IPU) کے کامیاب اجلاس کے انعقاد پر مبارکباد دی اور کہا کہ گوادر اور کراچی پورٹ اہم بندرگاہیں ہیں جو ازبکستان کو دنیا سے جوڑ سکتی ہے ،ازبکستان پاکستان کی اسٹریٹیجک پوزیشن سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین کو حل کیے بغیر خطے میں دیرپا امن کا قیام ممکن نہیں ہوگا۔

عالمی برادری مظلوم کشمیری و فلسطینی عوام کے حق میں فوری اور منصفانہ کردار ادا کرے۔امتِ مسلمہ کو کشمیر کے عوام کے حق میں مشترکہ حکمتِ عملی اپنانی چاہیے،پاکستان کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام اور افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں، حالیہ بھارتی جارحیت کا پاکستان نے منہ توڑ جواب دیا،پاکستان کا بلا جواز بھارتی جارحیت پر ردعمل متوازن اور نپا تلا تھا، پاکستانی انجینئرز اور سائنس دانوں نے انڈیا کے مقابلے میں بھرپور کارکردگی دکھائی، بھارتی جارحیت کے مقابلے میں پاکستان کی فتح پوری قوم کی یکجہتی اور افواج کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے قطر پر بمباری اور دیگر مسلم ممالک کی سرحدی خلاف ورزیاں قابل مذمت ہیں، پاکستان نے ایران اور قطر پر اسرائیل کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے واضح طور پر افغانستان پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں، پاک-ازبک پارلیمانی فرینڈشپ گروپ دونوں ممالک میں پارلیمانی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، دوطرفہ پارلیمانی اور عوامی روابط سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

ازبک سپیکر نورالدین اسماعیلوف نے کہا کہ پاکستان آمد پر شاندار استقبال اور گرمجوش میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ پاکستان کی شاندار ثقافتی و تمدنی روایات قابل تحسین ہیں ۔پاکستان کی معاشی اور معاشرتی ترقی کے لیے دعاگو ہیں۔پاکستان کی پارلیمان اپنے عوام کے لیے بہترین خدمات سرانجام دے رہی ہے۔پاکستان کی طرح ازبکستان بھی دہشت گردی کا شکار رہا ہے۔

پاکستان اور ازبکستان دہشت گردی کا مقابلہ کرنے میں ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھ سکتے ہیں۔پاک بھارت جنگ میں پاکستان کا سفارتی محاذ پر ردعمل قابل تحسین ہے۔موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل کی ضرورت ہے۔پاکستان اور ازبکستان کے تعلقات اخوت، اعتماد اور باہمی مفاد پر مبنی ہیں۔پارلیمانی سطح پر قریبی روابط عوامی سطح پر تعلقات کو مزید مستحکم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کا حالیہ دورۂ ازبکستان دوطرفہ تعلقات کے لیے سنگِ میل ثابت ہوا۔