ڈپٹی کمشنر سرگودھا کا ساہیوال میں تاریخی لاہوری گیٹ کا دورہ

اتوار 22 جون 2025 15:50

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) سرگودھا کیپٹن (ر) محمد وسیم اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) صہیب اشرف نے دورہ تحصیل ساہیوال کے دوران تاریخی لاہوری گیٹ کا خصوصی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انتظامی افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈی سی اور ڈی پی او نے لاہوری گیٹ کے اطراف صفائی، ٹریفک روانی، سکیورٹی انتظامات اور شہری سہولیات کا جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کو ضروری ہدایات جاری کیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ محرم الحرام کے موقع پرقدیم و مرکزی مقامات کی خصوصی صفائی، روشنیاں اور سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہوری گیٹ جیسے تاریخی مقامات ہماری تہذیب و ثقافت کا سرمایہ ہیں جن کی حفاظت اور بحالی ہماری ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی آمد و رفت کے پیش نظر یہاں بلدیاتی سہولیات اور امن و امان کا قیام خاص اہمیت رکھتا ہے۔ اس موقع پر مقامی شہریوں اور دکانداروں نے انتظامی افسران کی موجودگی کو خوش آئند قرار دیا اور انہیں مسائل سے بھی آگاہ کیا، جن کے حل کی یقین دہانی کرائی گئی۔