انسانی حقوق کونسل کے 59ویں اجلاس میں شرکت کے لیے کشمیری وفد جنیوا روانہ

اتوار 22 جون 2025 16:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2025ء) اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 59ویں اجلاس میں شرکت کے لیے الطاف حسین وانی کی قیادت میں کشمیری رہنماوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں پر مشتمل آٹھ رکنی کشمیری وفد جنیوا روانہ ہوگیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز کے چیئرمین الطاف حسین وانی کی قیادت میں اعلیٰ سطح کا وفد جنیوا میں مقیم سفارت کاروں ،انسانی حقوق کونسل اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ متنازعہ علاقے جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں آگاہ کرے گا۔

وفدکشمیری عوام کی حالت زار کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ سیمینارز، کارنر میٹنگزمیں شرکت کرے گا اور مختلف مباحثوں کی میزبانی کرے گا جن میں بھارتی حکومت کی جانب سے دفعہ370اور 35A کی منسوخی کے بعد کشمیری عوام کو درپیش شدید مشکلات پر توجہ مرکوز کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

ان دفعات کی منسوخی ایک انتہائی متنازعہ فیصلہ ہے جس نے خطے کے مذہبی اور سیاسی منظر نامے کو یکسر تبدیل کر دیا ہے۔

وفد انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کی توجہ بھارت کی طرف سے کشمیری عوام کی مذہبی آزادیوں اورانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی طرف مبذول کرائے گا۔اس دوران افسپا، یو اے پی اے اور پبلک سیفٹی ایکٹ جیسے کالے قوانین کے اندھا دھند استعمال، سیاسی رہنمائوں کی مسلسل نظربندی، نہتے شہریوں کے قتل اور وادی کشمیر سمیت مختلف علاقوں میں دریافت ہونے والی گمنام اجتماعی قبروں کے مسئلے کو اجاگر کیا جائے گا ۔وفد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی،کے آئی آئی آر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سردار امجد یوسف ،سید فیض نقشبندی، شمیم شال، ڈاکٹر سائرہ شاہ، نائلہ الطاف کیانی اور مہر النساءشامل ہیں۔