محکمہ داخلہ میں ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ سیل کا قیام،شہریوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنا اولین ترجیح

اتوار 22 جون 2025 19:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2025ء) محکمہ داخلہ پنجاب میں ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ سیل قائم کر دیا گیا۔ ترجمان ایوان وزیر اعلیٰ کے مطابق محکمہ جیل، سول ڈیفنس، ہائی وے پٹرول اور سکیورٹی کمپنیز سے متعلق شکایت کے ازالے کیلئے خصوصی ہیلپ لائن1124 قائم کر دی گئی جبکہ عوام محکمہ جیل، شہری دفاع، ہائی وے پٹرول اور سیکورٹی کمپنی سے متعلق رہنمائی یا شکایت کی صورت میں 1124 پر کا ل کر سکتے ہیں ، اسی طرح کسی جگہ پر بم یا مشکوک اشیا نظر آنے پر ہیلپ لائن 1124 پر اطلاع کی سہولت بھی مہیا کر دی گئی ہے ،پنجاب کی بڑی شاہرائوں پر دوران سفر مدد یا رہنمائی کیلئے پنجاب ہائی وے پٹرول سے رابطہ کا سسٹم قائم کر دیا گیا اورمسافر گاڑی کی خرابی، ڈکیتی یا کسی بھی ہنگامی صورت میں مدد کے لئے 1124 کال کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

پبلک ٹرانسپورٹ پر اوورلوڈنگ اورغیر محتاط ڈرائیونگ کے بارے 1124 پر اطلاع پر فوری کارروائی ہوگی، پنجاب کی کسی بھی شاہراہ پر سفر کے دوران مسافر طبی امداد کے لئے بھی ہیلپ لائن پر کال کر سکتے ہیں ،ہیلپ لائن پر کال کی صورت میں ہائی وے پٹرولنگ سٹاف کے نامناسب رویہ کا بھی ازالہ کیا جائے گا، 1124 پر قیدیوں سے ملاقات یا ضروری سامان کی فراہمی میں دشواری کی صورت میں شکایت کا اندراج ممکن بنایا گیا ہے ،جیل کے عملہ کے نامناسب رویے اور رشوت طلب کرنے پربھی 1124 پر شکایت کی جا سکتی ہے،سیکورٹی گارڈز یا سیکورٹی کمپنیز سے متعلق ہیلپ لائن پر شکایات کا ازالہ فوری ممکن ہو گا اورسیکورٹی گارڈ کومقررہ اجرت سے کم تنخواہ ملنے کی شکایت پر سیکورٹی کمپنی کے خلاف بھی کارروائی ہوگی،ایل پی جی گیس کی غیر قانونی فروخت یا منتقلی پر بھی ہیلپ لائن 1124 پر شکایت کا ازالہ ہوگا،ملٹی سٹوریج بلڈنگ میں ایمرجنسی اخراج کا نظام نہ ہونے پر بھی ہیلپ لائن پر اطلاع دی جا سکتی ہے،پٹرول پمپ یا گیس سٹیشن پر آگ بجھانے کے ضروری انتظامات نہ ہونے پر محکمہ داخلہ کی ہیلپ لائن پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ شہریوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہمارا عزم ہے،عوام کے جان و مال کی حفاظت اور خدمت کیلئے میں اور میری ٹیم پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کے ازالے میں کوتاہی برادشت نہیں کی جائے گی،پنجاب کی شاہرائوں پر محفوظ سفر یقینی بنانے کیلئے ہائی وے پٹرول کو نئے سرے سے فعال کیا جارہا ہے جبکہ قیدیوں کے قانونی حقوق کا تحفظ یقینی بنانا اولین ترجیح ہے ۔