[استنبول میں منعقدہ او آئی سی کے ہنگامی اجلاس

ذ* مسلم ممالک کی جانب سے ایران پر اسرائیلی حملوں کی محض مذمت کرنا بزدلی کا ثبوت ہے،مسلم ممالک باہمی اختلافات بھلا کر متحد نہ ہوئے تو دشمن انہیں ایک ایک کر کے نشانہ بناتا رہے گا، سینیٹر محمد عبدالقادر

اتوار 22 جون 2025 21:05

Iکوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2025ء)چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ اسرائیل ایران جنگ کے حوالے سے سلامتی کونسل کا منعقدہ خصوصی اجلاس بے نتیجہ رہا اسکے فوری بعد استنبول میں او آئی سی کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا جس میں مسلم ممالک کی جانب سے ایران پر اسرائیلی حملوں کی محض مذمت کی گئی ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان کا ایران پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرنا اور انہیں بلا جواز قرار دینا درست ہے لیکن مسلمان ممالک ان اجلاسوں کو نتیجہ خیز بنائیں گے تو انہیں دشمنوں پر فتح نصیب ہو گی مسلمان ممالک کو باہمی اختلافات بھلا کر متحد ہونا ہوگا۔

(جاری ہے)

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوارمحمد عبدالقادر نے کہاکہ او آئی سی کے اجلاس کا بھی محض نشست و برخاست کی حد تک محدود رہنا انتہائی مایوس کن ہے اسرائیل فلسطین، شام، لبنان اور یمن پر حملہ آور ہوا تو مسلمان ممالک بے حسی کی تصویر بنے رہے مسلم ممالک کے اس رویے کی وجہ سے اسرائیل ایران پر حملہ آور ہو چکا ہے لیکن مسلمان ممالک کا نفاق ختم نہیں ہو سکا اگر مسلم ممالک باہمی اختلافات بھلا کر متحد نہیں ہوئے تو دشمن انہیں ایک ایک کر کے نشانہ بناتا رہے گا فلسطین سے شروع ہونے والے اسرائیلی حملے مشرق وسطی کے عرب ممالک کو تہہ تیغ کرتے ہوئے ایران تک پہنچ چکے ہیں لیکن مسلم ممالک کے حکمران اسرائیل کی بربریت کو روک نہیں سکے مسلم ممالک کی عوام پر ہونے والے حملوں کی بڑی وجہ مسلم ممالک کے حکمرانوں کی بے حسی, بے حمیتی اور عوام سے لا تعلقی ہے۔