وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی چینی ہم منصب سے ملاقات، سی پیک اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال

فریقین کا علاقائی امن، استحکام اور ترقی کے فروغ کے لیے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

بدھ 16 جولائی 2025 13:49

وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی چینی ہم منصب سے ملاقات، سی پیک اور دوطرفہ تعاون ..
تیانجن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2025ء)وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چینی ہم منصب سے اہم ملاقات کی ہے، جس میں سی پیک اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

اسحاق ڈار نے ایس سی او وزارتی اجلاس کی کامیاب میزبانی پر چینی وزیر خارجہ کو مبارکباد دی اور کانفرنس کے دوران فراہم کی گئی شان دار مہمان نوازی پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں سی پیک (چین-پاکستان اقتصادی راہداری) اور کثیرالملکی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کی مضبوطی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں جاری قریبی تعاون کو سراہا۔ملاقات کے دوران فریقین نے علاقائی امن، استحکام اور ترقی کے فروغ کے لیے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔