ایئرسیفٹی لسٹ سے نام خارج، برطانیہ نے پاکستانی ایئرلائنز پر عائد پابندیاں ختم کردیں

پاکستان کی فضائی کمپنیاں اب برطانیہ کے لیے پروازوں کی اجازت کے لیے درخواست دے سکتی ہیں

Sajid Ali ساجد علی بدھ 16 جولائی 2025 12:08

ایئرسیفٹی لسٹ سے نام خارج، برطانیہ نے پاکستانی ایئرلائنز پر عائد پابندیاں ..
لندن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جولائی 2025ء ) برطانیہ نے پاکستانی ایئرلائنز پر عائد پابندیاں ختم کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کا نام برطانیہ کی ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستانی فضائی کمپنیاں اب برطانیہ کے لیے پروازوں کی اجازت کے لیے درخواست دے سکتی ہیں، جن کی روشنی میں پاکستان ایئر لائنز اب برطانیہ کے لیے براہ راست پروازیں دوبارہ شروع کر سکیں گی، ایئرلائنز کو پروازوں کے لیے یو کے سول ایوی ایشن اتھارٹی سے اجازت لینا ہو گی۔

۔ بتایا گیا ہے کہ برطانیہ نے پاکستانی طلبہ اور پیشہ ور افراد کے لیے ای ویزہ کی نئی سہولت کا بھی آغاز کردیا جس کے تحت برطانیہ جانے والے زیادہ تر طلبہ اور پیشہ ور افراد کو 15 جولائی سے پاسپورٹ پر ظاہری سٹیکر ویزہ کی ضرورت ختم ہوگئی کیوں کہ برطانوی حکومت نے زیادہ تر طلبہ اور پیشہ ور افراد کے لیے ویزہ کی فزیکل امیگریشن دستاویزات کی جگہ ڈیجیٹل امیگریشن اسٹیٹس یعنی ای ویزہ متعارف کرایا ہے، ای ویزہ کسی فرد کی برطانیہ میں امیگریشن کی اجازت اور اس سے منسلک شرائط کا آن لائن ریکارڈ ہے، جسے یو کے ویزہ اینڈ امیگریشن (UKVI) کے اکاؤنٹ میں لاگ اِن کرکے دیکھنا ممکن ہے، ای ویزہ بارڈر اینڈ امیگریشن سسٹم کا ایک جدید نظام ہے جو ویزہ کے عمل کو مزید آسان، محفوظ، ڈیجیٹل اور مربوط بنائے گا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے بتایا کہ یو کے ویزہ سسٹم میں یہ اصلاحات طلبہ اور پیشہ ور افراد کے لیے اپنی شناخت اور ویزہ اسٹیٹس ثابت کرنا بہت آسان بنا دیں گی، اس کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ درخواست دہندگان کو اپنا پاسپورٹ اپنے پاس رکھنے کی سہولت ملے گی جس سے ان کا وقت بچے گا، فزیکل دستاویز سے ای ویزہ پر منتقل ہونے سے کسی فرد کے امیگریشن اسٹیٹس یا برطانیہ میں داخلے یا قیام کی شرائط پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، بہت جلد یہ سہولت تمام ویزہ کیٹیگریز پر نافذ کر دی جائے گی جس سے برطانوی ویزہ حاصل کرنے کا عمل مزید محفوظ، آسان اور مؤثر ہو جائے گا۔