ٹیرف کی ادائیگیاں یکم اگست سے شروع ہوں گی، شرح 10 فی صد کے قریب ہوگی، ٹرمپ

ٹرمپ نے اس اقدام کو امریکی معیشت کے استحکام کی جانب ایک اہم قدم قرار دیدیا، چھوٹے ملکوں کو ٹیرف لیٹر جلد جاری کریں گے، ایران کی جوہری تنصیبات کو مکمل طور پر تباہ کر دیا، ایران سے بات کرنے کی کوئی جلدی نہیں، امریکی صدر کی میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 16 جولائی 2025 12:56

ٹیرف کی ادائیگیاں یکم اگست سے شروع ہوں گی، شرح 10 فی صد کے قریب ہوگی، ..
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16جولائی 2025)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ٹیرف کی ادائیگیاں یکم اگست سے شروع ہوں گی، شرح 10 فی صد کے قریب ہوگی،ٹرمپ نے اس اقدام کو امریکی معیشت کے استحکام کی جانب ایک اہم قدم قرار دیدیا، چھوٹے ملکوں کو ٹیرف لیٹر جلد جاری کریں گے،امریکی صدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئی امریکی صدرنے بین الاقوامی امور پر بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کے دور صدارت میں کئی جنگوں کو روکا گیا جس کے نتیجے میں لاکھوں انسانی جانیں بچائی گئیں۔

ٹرمپ نے ایک بار پھر کہا ہے کہ میں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ رکوائی۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ کو بھی روکا اور دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

ٹرمپ نے امید ظاہر کی کہ پیوٹن 50 دن میں اپنی رائے تبدیل کر لیں گے۔انہوں نے کہا کہ روسی یوکرین جنگ صدر بائیڈن کے دور میں شروع ہوئی جبکہ ان کے دور میں روس نے کسی جارحیت کا آغاز نہیں کیا۔

بائیڈن کی کمزور پالیسی کے باعث جنگیں شروع ہوئیں۔ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر روس اور یوکرین کے درمیان 50 دن کے اندر امن معاہدہ نہیں ہوا تو امریکہ روس کے باقی ماندہ تجارتی شراکت داروں پر 100 فیصد ثانوی محصولات عائد کرے گا یعنی جو ملک روس سے تجارت کرے گا اگر وہ اپنی مصنوعات امریکہ کو بیچنا چاہے گا تو اسے 100 فیصد درآمدی ٹیکس ادا کرنا پڑے گا۔

گفتگو کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کی جوہری تنصیبات کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔ ایران سے بات کرنے کی کوئی جلدی نہیں۔ تمام فیصلے امریکہ کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کئے جائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ویتنام کے ساتھ ایک اچھی تجارتی ڈیل طے پا گئی ہے جس سے دونوں ممالک کو معاشی فائدہ پہنچے گا۔خیال رہے کہ اس سے قبل امریکی صدرٹرمپ نے بھارت پر بھی 10فیصد ٹیرف عائد کر دیاتھا۔

امریکی صدر نے برکس ممالک پر سخت پابندیاں لگانے کا اعلان کیا تھا۔ بھارتی معیشت کو بڑا جھٹکا لگ گیاتھا۔ ٹرمپ کاکہناتھا کہ امریکہ کیساتھ تجارت کرنے پربھارت کو بھی 10 فیصد ٹیرف دینا ہوگا اور کسی قسم کی تجارتی رعایت یا استثنیٰ نہیں دی جائے گی۔ صدر ٹرمپ نے بھارت کو وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا تھاکہ بھارت بھی برکس کا رکن ہے وہ بھی 10 فیصد ٹیرف کے دائرے میں آئے گا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برکس ممالک (برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقہ) کے بارے میں سخت موقف اختیار کیا تھا۔صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ برکس کا قیام امریکی معیشت کو نقصان پہنچانے اور ڈالر کو کمزور کرنے کیلئے کیا گیا تھا۔ اگر کوئی ڈالر کو چیلنج کرے گا تو ہم اس کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے واضح کیا تھا کہ بھارت بھی چونکہ برکس کا حصہ ہے اس لئے وہ بھی نئی ٹیرف پالیسی کے دائرے میں شامل ہوگا۔