- بینظیربھٹو کی ذہانت اور صلاحیتوں کا اعتراف دنیا بھر میں کیا جاتا ہے ،عبدالجبار خان

اتوار 22 جون 2025 22:15

ٌحیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جون2025ء) وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے خوراک عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ بینظیربھٹو کی ذہانت اور صلاحیتوں کا اعتراف دنیا بھر میں کیا جاتا ہے ، انہوںنے جس ویژن کے ساتھ پاکستان میں حکومت کی اور پاکستان کو دہشت گردی اور انتہاپسندی سے نکالنے کیلئے جو قربانیاں دیں وہ تاریخ کاحصہ ہیں۔

وہ بینظیربھٹو کی سالگرہ کے موقع پر سائٹ ایریا حیدرآباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب سے فیصل عبدالجبار خان، سید فیاض شاہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

عبدالجبار خان نے کہاکہ پاکستان کو آج ایک بار پھر بینظیربھٹو جیسی مدبر اور باصلاحیت قیادت کی ضرورت ہے جو ملک کو درپیش چیلنجز ، مہنگائی، بیروزگاری کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کرے، انہوں نے کہاکہ ذوالفقارعلی بھٹو کی شہادت کے بعد بینظیربھٹو نے جس طرح سے پیپلزپارٹی کی قیادت کی اور ملک کو ترقی کی طرف گامزن کیا اس کا اعتراف پوری دنیا میں کیا جاتا ہے۔

بینظیربھٹو نے اپنی جان دے کر دہشت گردی کا خاتمہ کیا، جس وقت انہیںجان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی تھیںاس وقت بھی وہ اپنے لوگوں میں آکر سیاست کرتی رہیں اور اپنی جان تک وطن پر قربان کردی۔