وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا لاہور میں محرم الحرام سکیورٹی بارے اہم اجلاس کا انعقاد

پیر 23 جون 2025 00:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا لاہور میں محرم الحرام سکیورٹی بارے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کی صدارت کی۔ کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے مرکزی جلوس کے روٹ نثار حویلی اور کربلا گامے شاہ کا بھی دورہ کر کے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا۔

صوبائی وزرا بلال یاسین، ملک صہیب احمد بھرتھ، بلال اکبر خان کی اجلاس میں خصوصی شرکت ہوئی۔ سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ اور ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے شرکت کی۔ کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے محرم الحرام کے حوالہ سے لاہور ڈویژن میں حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

ڈویژن امن کمیٹی اور علما و مشائخ نے خاص طور پر اجلاس میں شرکت کی۔

کمشنر لاہور، آر پی او شیخوپورہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس کے دوران بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا ہے کہ لاہور ڈویژن میں تمام 5235 مجالس اور 927 جلوسوں کے حفاظتی انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ 76 شعلہ بیاں ذاکرین و مقررین کی ضلع بندی اور 71کی زباں بندی کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

پولیس، ریسکیو، سول ڈیفنس کے ساتھ فوج اور رینجرز کے جوان بھی فرائض سر انجام دیں گے۔ مرکزی جلوس اور مجالس کے ذمہ داران کی مشاورت کے ساتھ سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔ تمام روٹس پر سکیورٹی کے ساتھ ساتھ بجلی پانی کا انتظام تک حکومت پنجاب دیکھ رہی ہے۔ محرم الحرام کے دوران اتحاد بین المسلمین کیلئے علما کرام کا کردار انتہائی اہم ہے۔

محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز ایک پلیٹ فارم پر یکجان ہیں۔ صوبائی وزیر بلال یاسین نے اس موقع پر کہا ہے کہ فول پروف سکیورٹی کیلئے روٹس پر چھتوں پر تعیناتی انتہائی اہم ہے۔ صوبائی وزیر بلال اکبر خان نے کہا ہے کہ تمام روٹس پر لٹکتی تاریں ہٹوانے اور پیچ ورک کی ہدایت کی گئی ہے۔

صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں جاکر محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران سوشل میڈیا پراپگنڈا اور نفرت انگیزی کی روک تھام کیلئے ورکنگ کی گئی۔ امن کمیٹی ممبران، جلوس اور مجالس کے منتظم اور علما و مشائخ نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔