بھارت کی ناقص پالیسیوں، اندرونی کمزوریوں نے اس کا عالمی طاقت بننے کا خواب چکنا چور کر دیا

پیر 23 جون 2025 04:05

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2025ء)ایک اہم عالمی تجزیہ کارنے بھارت کے عالمی عزائم پر سوالیہ نشان کھڑا کرتے ہوئے کہاہے کہ نئی دہلی کی عظیم طاقت بننے کی خواہش کو اس کی اپنی ناقص حکمت عملی اور اندرونی تضادات کی وجہ سے نقصان پہنچا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق’’بھارت کی عظیم طاقت بننے کی خواہش :نئی دہلی کی حکمت عملی نے کس طرح اس کے عزائم کو ناکام بنادیا‘‘ کے زیر عنوان اسٹریٹجک ماہر ایشلے جے ٹیلس کا تجزیہ ’’فارن افیئرز‘‘میں کا شائع ہوا ہے۔

فارن افیئرزبین الاقوامی تعلقات اور امریکی خارجہ پالیسی سے متعلق ایک امریکی رسالہ ہے جسے کونسل آن فارن ریلیشنز شائع کرتی ہے۔مضمون میں بتایا گیا ہے کہ کس طرح گزشتہ دو دہائیوں میں جوہری تعاون سے لے کر جدید دفاع اور انٹیلی جنس شیئرنگ تک امریکہ کی مضبوط حمایت کے باوجود تزویراتی صف بندی میں بھارت کی ہچکچاہٹ اور کثیر قطبیت پر اس کے اصرار نے اس کے عزائم کو غیر حقیقی بنا دیا ہے۔

(جاری ہے)

ٹیلس نے بتایاکہ بھارت آزادانہ خارجہ پالیسی پر فخر کرتا ہے لیکن اندرون ملک آمریت پر تیزی سے عمل پیرا ہے جس میں اکثریت پسند سیاست اور ادارہ جاتی زوال کو فروغ دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی چین کا مقابلہ کرنے کی خواہش اس وقت ناکام ہو جاتی ہے جب وہ رسمی اتحاد سے انکار کرتا ہے اور پرانی دفاعی حکمت عملیوں پر انحصار کرتا ہے۔ملک کا معاشی جمود، ناکام اصلاحات اور جمہوری پسپائی کو اس کے عروج کی راہ میں بڑی رکاوٹیں قراردیاگیاہے۔ایشلے ٹیلس نے خبردار کیاکہ جرات مندانہ پالیسی تبدیلیوں اور تزویراتی صاف گوئی کے بغیر بھارت کی حقیقی عالمی طاقت بننے کی خواہش حقیقت کے بجائے ایک سراب ہی رہے گی۔