قصور ،کھڈیاں خاص میں یونیورسٹی دس ارب روپے کی خطیر رقم سےتعمیر ہو رہی ہے، سپیکر پنجاب اسمبلی

پیر 23 جون 2025 15:18

قصور. 23 جون (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں اور وفاقی وزیر مملکت ملک رشید احمد خاں نے کھڈیاں خاص میں نجی ہسپتال (رحمت ہسپتال )کا افتتاح کیا۔اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید طبی سہولیات سے آراستہ اس ہسپتال کا قیام علاقے کے لیے خوش آئند ہے۔

ہسپتال کے قیام سے کھڈیاں اور گردونواح کے عوام کو معیاری طبی سہولیات اپنے شہر میں ہی دستیاب ہوں گی۔ملک محمد احمد خاں نے کہاکہ کھڈیاں خاص میں یونیورسٹی کا قیام عمل میں آ چکا ہے۔ یونیورسٹی 10۔ارب روپے کی خطیر رقم سےتعمیر ہو رہی ہے، یہ ایک شاہکار یونیورسٹی ہو گی اور پنجاب کی چند اعلی یونیورسٹیوں میں اس کا شمار ہو گا۔

(جاری ہے)

سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہاکہ یونیورسٹی کے قیام سے علاقے کے بچوں کو ہنر ملے گا کیونکہ یہ ووکیشنل یونیورسٹی ہے اس یونیورسٹی میں سائنس ٹیکنالوجی ، انجینئرنگ،ووکیشن سب شامل ہیں ۔

سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ میرا آپ سے وعدہ ہےیہ علاقہ ہنر مندی کا مرکز ہو گا ، انشاء اللہ موٹر وے کی تعمیر جلد شروع ہو جائے گی تمام مراحل مکمل ہو چکے ہیں۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہاکہ گورنمنٹ ڈگری کالج فار بوائز کی تعمیر شروع ہو چکی ہے۔نئی ترقیاتی سکیم کے تحت کھڈیاں شہر کی سیوریج ،گلیوں اور سڑکوں کی پختگی کا کام مکمل ہو گا ۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نےکھڈیاں نہررنگ روڈ کی تعمیر کا بھی اعلان کیا۔تقریب سے وفاقی وزیر مملکت ملک رشید احمد خاں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام الناس کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لا رہی ہے۔ حکومت نجی شعبے کے اشتراک سے صحت کے شعبے میں بہتری لانے کے لیے پرعزم ہےتاکہ کسی بھی شہری کو علاج کے لیے دوردراز شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے۔وفاقی وزیر مملکت نے کہاکہ علاقہ کی تعمیر وترقی کیلئے ترقیاتی منصوبوں کے جال بچھائے جا رہے ہیں۔\378