شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ میں’’سندھ میں غذائی قلت کے خاتمے ‘‘کے موضوع پر قومی کانفرنس

پیر 23 جون 2025 17:06

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) شہیدمحترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی (ایس ایم بی بی ایم یو) لاڑکانہ کی جانب سے چانڈکا میڈیکل کالج میں ”سندھ میں غذائی قلت کے خاتمے “ کے موضوع پر قومی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں صحت، غذائیت، تعلیم، ترقی اور سول سوسائٹی سے وابستہ اداروں اور تنظیموں نے شرکت کی۔یونیورسٹی کے ترجمان عبدالصمد بھٹی کے مطابق یہ کانفرنس شہید بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ کی میزبانی میں یورپی یونین کی مالی معاونت اور انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی ( آئی آر سی ) کی قیادت میں سٹرنتھننگ پارٹیسپیٹری آرگنائزیشن (ایس پی او)، شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور، ایم ای آر ایف ، شہید بے نظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی سکھر، ضیاءالدین یونیورسٹی سکھر کیمپس، زیبسٹ لاڑکانہ، غلام محمد مہر میڈیکل کالج سکھر، پی پی ایچ آئی ، اے اے پی ٹاسک فورس، محکمہ صحت اور نجی اداروں کے اشتراک سے منعقد ہوئی۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں شریک اداروں کے نمائندگان اور سینئر فیکلٹی ممبران نے غذائی قلت جیسے اہم مسئلے سے مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیا۔ کانفرنس میں بتایا گیا کہ سندھ میں پانچ سال سے کم عمر کے 50 فیصد بچے غذائی قلت کا شکار ہیں جبکہ 40 فیصد بچے وزن کی کمی کا شکار ہیں۔ 50 فیصد سے زائد بچے خون کی کمی میں مبتلا ہیں اور 60 فیصد سے زائد حاملہ خواتین میں آئرن کی شدید کمی پائی جاتی ہے۔

کانفرنس میں بتایا گیا کہ سندھ میں تقریباً 25 فیصد خوراک ضائع ہو رہی ہے۔ٹیکنیکل سیشنز میں غذائی قلت کے اعداد و شمار، اس کے سماجی اثرات اور ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی مدد سے غذائیت کی خدمات میں بہتری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کانفرنس کے اختتامی سیشن میں متفقہ طور پر یہ قرارداد پیش کی گئی کہ غذائی قلت جیسے اہم سماجی مسئلے کے حل کے لیے حکومت، تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی اور ترقیاتی شراکت داروں کے درمیان مضبوط روابط، جدت اور کمیونٹی کی فعال شمولیت ناگزیر ہے۔