وزیراعظم کی کیش لیس نظام کو فروغ دینے کیلئے ڈیجیٹل لین دین کو آسان بنانے کی ہدایت

پیر 23 جون 2025 17:24

وزیراعظم کی کیش لیس نظام کو فروغ دینے کیلئے ڈیجیٹل لین دین کو آسان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2025ء)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ڈیجیٹل لین دین کو آسان بنانے کی ہدایت کی ہے ۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کیش لیس اکانومی سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ، وزیر ماحولیاتی تبدیلی مصدق ملک، گورنر اسٹیٹ بینک اور چیئرمین ایف بی آر شریک ہوئے۔

اجلاس میں وزیراعظم نے ڈیجیٹل پبلک انفرا اسٹرکچر کمیٹی اور گورنمنٹ پیمنٹس کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت بھی کی۔خصوصی سب کمیٹیاں ادائیگیوں، ڈیجیٹل نظام سے متعلق آگاہی اور سفارشات پیش کریں گی۔وزیراعظم نے ادائیگیوں کے ڈیجیٹل نظام راست کو وفاق سمیت تمام صوبوں میں قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ معیشت میں شفافیت لانے کے لیے ڈیجیٹل لین دین کا نظام قائم کرنا انتہائی اہم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک اور کامیاب معیشتوں میں کیش لیس نظام کو ترجیح دی جا رہی ہے، لین دین، ادائیگیوں کے ڈیجیٹل نظام کے قیام کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال میں لائی جائے۔شہباز شریف نے سرکاری اور نجی شعبوں کے درمیان لین دین کو کیش لیس بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بینکاری نظام کے تحت زیر گردش رقوم کو حکومتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔