کراچی، ملیر میں زلزلے کے جھٹکوں کے بعد جیل میں پھر ہنگامہ، قیدیوں کی چیخ و پکار

قیدیوں کا جیل انتظامیہ سے بیرک سے باہر نکالنے کا مطالبہ ،ممکنہ ہنگامے سے بچنے کے لیے پولیس کی اضافی نفری طلب کر لی گئی

پیر 23 جون 2025 18:34

کراچی، ملیر میں زلزلے کے جھٹکوں کے بعد جیل میں پھر ہنگامہ، قیدیوں کی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2025ء)کراچی کے علاقے ملیر میں زلزلے کے جھٹکوں کے بعد ڈسٹرکٹ جیل میں قیدیوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ذرائع کے مطابق سرکل 11 کی بیرک نمبر 2 میں قیدیوں نے چیخ و پکار کرتے ہوئے ہنگامہ آرائی شروع کر دی اور جیل انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ انہیں بیرک سے فوری طور پر باہر نکالا جائے۔ہنگامے کی اطلاع ملتے ہی جیل انتظامیہ نے ممکنہ کشیدگی سے بچنے کے لیے اضافی نفری طلب کر لی۔

ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس اور رینجرز کی اضافی موبائلیں فوری طور پر ملیر جیل پہنچ گئیں۔جیل انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے لاڈ اسپیکر پر قیدیوں کو پرامن رہنے کی تلقین کی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کو مکمل طور پر قابو میں کر لیا گیا ہے۔زلزلے کے جھٹکوں کے باعث جیل کے حساس ماحول میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، جب کہ جیل حکام نے قیدیوں کو پرسکون رکھنے کے لیے مزید اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی 3 جون کی رات کو زلزلے کے بعد جیل میں ہونے والی شدید ہنگامہ آرائی کے دوران 225 قیدی ملیر جیل سے فرار ہو گئے تھے جن میں سے 176 قیدیوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے تاہم 48 قیدی اب بھی مفرور ہیں۔کچھ قیدیوں نے رضاکارانہ طور پر بھی گرفتاری پیش کی، ان کے اہلِ خانہ خود لے کر انہیں ملیر جیل پہنچے اور جیل حکام کے حوالے کیاتھا۔

متعلقہ عنوان :