14اگست کو احتجاج کی کال دینے والوں نے ملک کی ترقی کے راستے میں روڑے اٹکائے

خیبرپختونخواہ میں برسوں اقتدار کے مزے لوٹنے والے ایک جنرل ہسپتال نہ بناسکے، ہم نے آج تک مخالفین کیخلاف کارروائی کیلئے فون نہیں کیا، یہ وقت ملک کی ترقی کیلئے مل کر آگے بڑھنے کا ہے، وزیرصنعت وتجارت چوہدری شافع حسین

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 14 اگست 2025 19:38

14اگست کو احتجاج کی کال دینے والوں نے ملک کی ترقی کے راستے میں روڑے اٹکائے
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 14 اگست 2025 ) پاکستان مسلم لیگ کے زیر اہتمام مسلم لیگ ہاؤس میں جشن آزادی کے حوالے سے شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری  وصوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ صوبائی  وزیر نے مسلم لیگ ہاؤس میں پرچم کشائی کی اور جشن آزادی کے حوالے سے کیک کاٹا۔

پاکستان  مسلم لیگ پنجاب کے صدرملک محمد سمین، اراکین اسمبلی، پارٹی عہدیدارن،ورکرز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔ تقریب کے دوران تحریک قیام پاکستان کے ہیروز کو خراجِ تحسین اور بہادر افواج سے مکمل اظہار یکجہتی کیا گیا۔ پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری وصوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لازوال قربانیوں اور بڑی جدو جہد کے بعد ہمیں علیحدہ شناخت اور آزاد وطن ملا،ہمیں آزادی کی اس نعمت کی قدر کرنی چاہیے۔

(جاری ہے)

بھارت   میں بسنے والے مسلمان آج بھی ہندوؤں کے مظالم کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 14اگست کو احتجاج کی کال دینے والے اپنے طرز عمل پر غور کریں۔ جب  ان کی حکومت تھی تو انہوں نے عوام کیلئے کچھ نہ کیا۔ کےپی کے میں برسوں سے اقتدار کے مزے لوٹنے والے عوام کی سہولت کیلئے ایک جنرل ہسپتال نہ بنا سکے جبکہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے ڈیڑھ سال کی مختصر مدت میں 2ہ سپتال بنادیئے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ یوم آزادی  پر احتجاج کی کال دینے والوں نے ملک کی ترقی کے راستے میں روڑے اٹکائے۔آئی ایم ایف کو پاکستان کو قرض پروگرام نہ دینے کیلئے خطوط لکھے۔ یہ وقت ملک کی ترقی کیلئے مل کر آگے بڑھنے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان  مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین  چوہدری ظہور الٰہی شہید کی سیاست کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ ہم انتقامی کارروائیوں پر یقین نہیں رکھتے اسی لئے کسی کو آج تک مخالفین کے خلاف کارروائی کیلئے فون نہیں کیا۔

کوشش  تھی کہ مل کر چلیں مگر دوسری جانب کے لوگ ہمارے ساتھ مل کر چلنا ہی نہیں چاہتے تھے۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب  میں پارٹی کی تنظیم سازی کی جائے گی، تمام شعبوں کو فعال اور متحرک کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج نے مئی کے مہینے میں بھارت کا غرور چند گھنٹوں میں خاک میں ملا دیا۔ پاکستان کی مسلح افواج کی بدولت ہی ہم  اپنے گھروں میں سکون کی نیند سوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان  کو ترقی اور خوشحالی کی منزل سے ہمنکنار کرنے کے لئے محنت،لگن اور جزبے سے آگے بڑھیں گے۔صدر پاکستان مسلم لیگ پنجاب  ملک محمد سمین نے کہا کہ  مسلم لیگ نے پاکستان بنایا تھا اور یہی جماعت چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں اسے ترقیاتی ملک بنائے گی۔ مقررین  نے بانیان پاکستان اور تحریک قیام پاکستان کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔