نئے ہجری سال کا آغاز کس تاریخ سے ہو گا؟

محرم الحرام کے چاند کی رویت سے متعلق پیشن گوئی کر دی گئی

muhammad ali محمد علی پیر 23 جون 2025 18:43

نئے ہجری سال کا آغاز کس تاریخ سے ہو گا؟
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جون2025ء) نئے ہجری سال کا آغاز کس تاریخ سے ہو گا؟ تفصیلات کے مطابق محرم الحرام کے چاند کی رویت سے متعلق پیشن گوئی کر دی گئی۔ رویت ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق محرم الحرام کے چاند کی پیدائش 25جون بروز بدھ کو دوپہر کے وقت ہوگی،  چاند کی عمر 27گھنٹے سے زائد ہونے کے باعث ملک بھر میں چاند دیکھنا آسان ہوگا، نئے سال کا آغاز 27جون اور یوم عاشورچھ جولائی کو ہونے کا امکان ہے۔

نئے ہجری سال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبد الخبیر آزاد کی زیر صدارت کوئٹہ میں ہوگا ۔لاہور سمیت دیگر شہروں میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کا اجلاس ہوگا۔ رویت ہلال ریسرچ کے مطابق نیا چاند 25جون 2025 کو پاکستانی وقت کے مطابق بعد سہ پہر 3بج کر 32منٹ پر پیدا ہو گا۔

(جاری ہے)

29ذوالحجہ کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر27 گھنٹے سے بھی زائد ہو چکی ہو گی۔

غروب شمس اور غروب قمر کے درمیان فرق جو کم از کم 40منٹ ہونا چاہیے وہ کراچی میں 74منٹ ، جیوانی میں 75منٹ ، کوئٹہ اور لاہور میں 76منٹ ہوگا۔ رویت ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق پاکستان میں یکم محرم الحرام یعنی نئے ہجری سال کا آغاز جمعتہ المبارک 27 جون ہو گا۔ یومِ عاشور یعنی دس محرم الحرام اتوار چھ جولائی کو ہو گا۔