Live Updates

بجٹ تجاویزمیں تبدیلی ہوسکتی ہے، اپوزیشن کی مثبت تجاویز پر غورکیا جائے گا، وزیراعظم آزادکشمیر

پیر 23 جون 2025 22:34

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) وزیراعظم آزادجموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ قانون ساز اسمبلی کا یہ ایوان روایات کے تابع ہے ، ایوان کے لیے رولز آف بزنس متعین ہیں ، ہر چیز قواعد و ضوابط کے تحت چلتی ہے ، نقطہ اعتراض اور توجہ دلاؤ نوٹسز کے لیے بھی طریقہ ہائے کار موجود ہے ،ایوان میں بات کرنا اور اعتراض کرنا ہی ایوان کی خوبصورتی ہے ،فنانس بل پاس ہونے تک یہ اجلاس چلتا رہے گا ، اگر بہتر تجویز آئے گی تو بجٹ تجاویز میں تبدیلی ہو سکتی ہے ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار قانون ساز اسمبلی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بجٹ پربحث ہونی چاہیے ، وہ قاعدے معطل ہوئے ہیں جن پر دو دن کا وقفہ تھا ، اب تو بات ہو سکتی ہے ، بجٹ میں اعتراض کرنے والوں کو بھی وہی حصہ مل رہا ہے جو کہ حکومتی اراکین کو مل رہا ہے ، ہر چیز حتمی نہیں ہوتی ، سپلیمنٹری گرانٹس سال بھر آتی رہتی ہیں ،جو چیز ہو سکتی ہے وہ ہو گی ، اے ڈی پی میں اپوزیشن اورحکومت کی مراعات ایک جیسی ہیں ، یہاں بجٹ سیشن کے دوران کسی کا حق نمائندگی مجروح نہیں کیا جارہا ہے ، جو بجٹ 2025-2026پر بات کرنا چاہے کرے اور جو نہیں کرنا چاہتا یہ اس نمائندے کا اختیار ہے ، ہر کسی کی بات سنی جائے گی اور جائز تجاویز کو بجٹ تجاویز میں شامل بھی کیا جائے گا ،انہوں نے کہا کہ وفاق میں فنانس بل پاس ہونے کے بعد یہاں بھی فنانس بل پاس ہوگا ، آپ بحث کریں ، جب تک وفاق میں فنانس بل پاس نہیں ہوتا ، اس وقت تک یہاں بحث چلتی رہے گی ، بجٹ پر بحث میں آنے والی تجاویز کو زیر غور لایا جائے گا ، اختلافی نکتہ نظر کا احترام ہے ، اختلافی نکتہ نظر کو سننا چاہیے ، توجہ دلاؤ نوٹس پر جواب دیتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا کہ آثار قدیمہ کو اس کی اصل صورت کو بحال کرنا چاہیے اور متعلقہ محکمہ سے تفصیلات لینے کے بعد آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں معاملہ پر جواب دیا جائے گا ۔

Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات