Live Updates

جدید ٹیکنالوجی کا فروغ وقت کی ضرورت ہے ،کالجز میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں ،وزیراعظم آزادکشمیر

پیر 23 جون 2025 23:11

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2025ء) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق سے وزیرہائر ایجوکیشن آزادکشمیر ظفر اقبال ملک کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں سیکرٹری ہائر ایجوکیشن چوہدری محمد طیب ، صدر ایکٹا آزادکشمیر طارق سلیم ، سینئر وائس پریذیڈنٹ ایکٹا ڈاکٹر ظفر اقبال اور جنرل سیکرٹری ایکٹا چوہدری عبدالرحیم بھی موجود تھے،محکمہ ہائر ایجوکیشن آزادکشمیر کے اقدامات اور ہائر ایجوکیشن سے منسلک اساتذہ کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کو تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق کی جانب سے اساتذہ تنظیموں ، دانشوروں اور ماہرین تعلیم کو نظام تعلیم میں اصلاحات کے لیے موثر فورم تشکیل دینے کی تجویز دی گئی جس کو ملاقات میں موجود ہائیر ایجوکیشن کے اساتذہ کی نمائندہ تنظیم ایکٹا کے عہدیداران کی جانب سے بھرپور انداز میں سراہا گیا ۔

(جاری ہے)

چوہدری انوار الحق نے کہا کہ آزادکشمیر بھر میں کالجز میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں ، شب و روز کی محنت کی بدولت ہی حقیقی تبدیلی ممکن ہے ، اساتذہ لگن سے کام کریں ، ہماری ترجیح شہریوں کو بہترین تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہے ، جدید ٹیکنالوجی کا فروغ وقت کی ضرورت ہے ، معیار تعلیم بہتر ہو گا تو چیزیں بہتری کی طرف جاسکتی ہیں ، کالجز میں فیکلٹی کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں ، مشکلات کا احساس ہے ، انھوں نے کہا کہ اساتذہ کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں ، اساتذہ کے جاندار اور عملی کردار نبھانے کی بدولت ہی چیزیں بہتری کی طرف جا سکتی ہیں ، انھوں نے کہا کہ بجٹ میں تعلیم کو فوقیت دی گئی ہے ، ترجیحات کو درست سمت میں ڈالنے کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا ، نظام سے خامیوں کا خاتمہ کیا ہے ، چیزیں درست سمت کی جانب گامزن ہو چکی ہیں ،نظام تعلیم پر خاص توجہ مرکوز ہے ، تعلیمی کی بہتری سے ہی حقیقی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے ، انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے مثالی اقدامات کے ثمرات اب عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں ۔

Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات