ختم نبوت قانون کی حفاظت ہمیں جان سے بھی زیادہ عزیز ہی: محمد سلیم قادری

پیر 23 جون 2025 23:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جون2025ء) پاکستان سنی تحریک لاہور کے جوائنٹ سیکرٹری، محمد سلیم قادری نے کہا ہے کہ ختم نبوتؐ قانون کی حفاظت ہمیں جان سے بھی زیادہ عزیز ہے۔ پارلیمنٹ میں قادیانیوں کے حق میں تقریر کرنے والا آئین پاکستان کا باغی ہے، اس کا محاسبہ کیا جانا چاہیے۔ قادیانیوں کو چاہیے کہ وہ خود کو غیر مسلم تسلیم کریں تاکہ انہیں پاکستان میں اقلیتوں کے برابر حقوق مل سکیں۔

انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ہم سینٹ میں (ن) لیگی پرویز رشید کی قادیانیوں کے حق میں کی گئی تقریر کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ قادیانیوں کے متعلق موجود قوانین کو چھیڑنے یا انہیں غیر موثر کرنے کی اجازت کسی بھی صورت میں نہیں دی جائے گی۔ پرویز رشید کے شرانگیز بیان پر سینیٹ میں موجود مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں کی خاموشی قابل تشویش ہے۔

(جاری ہے)

قادیانیوں نے ابھی تک اپنی حیثیت کو آئین پاکستان کے مطابق تسلیم نہیں کیا۔ قادیانیوں کو سب سے پہلے اپنا مذہب واضح کرنا ہوگا یہ بتانا ضروری ہے کہ ان کا مذہب کیا ہے ان کی عبادت کا طریقہ کیا ہے اور ان کی مذہبی عبادت گاہ کا نقشہ کیا ہے۔ محمد سلیم قادری نے لیگی رہنما پرویز رشید کے بیان کو انتہائی غیر آئینی اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سینیٹ جیسے اہم فورم پر اس قسم کا بیان ملکی اداروں کے لئے لمحہ فکریہ ہے اگر حکومت نے قادیانیوں کو خوش کرنے کے لئے اسلامی دفعات میں تبدیلی کی کوشش کی تو ملک میں ہونے والے فسادات کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر ہوگی لہٰذا حکومت کو عقل مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلامی دفعات میں کسی بھی قسم کی چھیڑ چھاڑ سے گریز کرنا چاہئے۔