مکران یونین آف جرنلسٹس" کے قیام کو خوش آئند اور وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، بانی سٹی پریس کلب اوتھل

پیر 23 جون 2025 20:35

اوتھل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جون2025ء)سٹی پریس کلب اوتھل کے بانی سینیئر صحافی محبوب شاہ، چیئرمین شفیق احمد چنہ، صدر عبدالغنی سومرو، نائب صدر خدابخش عرف کے بی خاصخیلی، محمد حنیف چنہ، جاوید لاسی، عبدالحمید ساجدی، حفیظ غالب و دیگر عہدیداروں نے اپنے مشترکہ بیان میں "مکران یونین آف جرنلسٹس" کے قیام کو خوش آئند اور وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں صحافت نہ صرف معاشرتی اصلاح کا ذریعہ ہے بلکہ پسماندہ علاقوں کے عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کا سب سے مثر ہتھیار بھی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ گوادر، تربت، پنجگور، اورماڑہ، پسنی سمیت دیگر مکران ریجن کے پریس کلبز کا اتحاد نہ صرف ورکنگ جرنلسٹس کو مضبوط بنائے گا بلکہ علاقے میں مثبت صحافت کے فروغ میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

سٹی پریس کلب اوتھل کے رہنماں کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں صحافیوں کو درپیش خطرات، محدود وسائل، اور عدم تحفظ کے ماحول میں اس طرح کی یونینز امید کی ایک کرن ہیں۔ یہ اتحاد نہ صرف صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کی ضامن ہے بلکہ مقامی مسائل کو متعلقہ حکام تک پہنچانے اور ان کے حل میں بھی موثر کردار ادا کرے گا. رہنماں نے مزید کہا کہ مکران یونین آف جرنلسٹس کو چاہیئے کہ وہ تمام اضلاع کے پریس کلبز کے ساتھ مضبوط روابط قائم کرے، صحافیوں کی تربیت، فلاح و بہبود اور سیکیورٹی کے معاملات پر خصوصی توجہ دے، تاکہ علاقائی صحافت کو مزید تقویت دی جا سکے۔

انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اگر یہی اتحاد، یکجہتی اور مشترکہ جدوجہد جاری رہی تو بلوچستان کی صحافت ایک نئے دور میں داخل ہو سکتی ہے، جہاں صحافی آزاد، خودمختار اور محفوظ انداز میں اپنے فرائض انجام دے سکیں گے۔