آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیرصدارت محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات پر شیعہ مکتب فکر کے علما واکابرین کے ساتھ اجلاس

پیر 23 جون 2025 21:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2025ء) آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیرصدارت محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات پر شیعہ مکتب فکر کے علما واکابرین کے ساتھ اجلاس کا انعقاد کیا۔ سینٹرل پولیس آفس کراچی میں منعقدہ اجلاس میں لاڑکانہ اور سکھر ڈویژن کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے شیعہ مکتب فکر کے علما واکابرین،ڈی آئی جیز لاڑکانہ،سکھر،ایس ایس پیز نیذریعہ وڈیو لنک جبکہ ڈی آئی جیز، ہیڈکوارٹرز،ٹریننگ،اے آئی جیز نے بالمشافہ شرکت کی۔

اجلاس کے شرکا نے آپریشن بنیان المرصوص میں پاک فوج کی جانب سے بھارتی غرور خاک میں ملانے پر اظہار تشکر اور ملک کی سلامتی کے لئے دعا کی۔ شرکا نے متعلقہ اضلاع و ڈویژن میں پولیس سیکیورٹی اقدامات پر اطمینان کا اظہارکیا۔

(جاری ہے)

شرکا کی جانب سے پولیس و قانون نافذ کرنیوالے دیگراداروں کو سیکیورٹی انتظامات کے دوران ہرممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

وفود نے کہا کہ محرم مجالس، جلوسوں اور دیگر اقدامات میں رضاکار متعلقہ پولیس کے شانہ بہ شانہ رہیں گے۔ آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ ماضی میں محرم الحرام کے دوران شیعہ مکتبہ فکر اور پولیس کے درمیان مثالی تعاون رہا ہے۔آپ سے گزارش ہے کہ کسی بھی شرپسندی کا شکار نہ ہوں،قانون کو اپنا کام کرنے دیں۔ ہم نے ماضی میں بھی دہشت گردی کو شکست دی ہے اور انشاللہ اب بھی دیں گے۔

سندھ پولیس،قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں اورسیکیورٹی ایجنسیز شب و روز اپنا کام کررہی ہیں۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ عالمی منظرنامہ کے پیش نظر زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں پولیس سے رابطہ کریں۔ تفرقہ پھیلانے اور امن و امان کے حالات کو سبوتاژ کرنیوالے عناصر پر کڑی نگاہ رکھی جائے۔علما،ذاکرین اور تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے معززین اپنے انفرادی اور اجتماعی کردار سے محرم سال 2025 کو پرامن اور محفوظ بنائیں۔