Live Updates

امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کا جواز دنیا کو غلط پیغام دے رہا ہے

ایران پر حملے خطرناک مثال قائم کررہے ہیں، تمام فریقین فوری حملے روک کر مذاکرات کا راستہ اپنائیں۔ چینی وزیرخارجہ کا انتباہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 23 جون 2025 21:48

امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کا جواز دنیا کو غلط پیغام دے رہا ..
بیجنگ (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 23 جون 2025 ) چینی وزیرخارجہ نے انتباہ کیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کا جواز دنیا کو غلط پیغام دے رہا ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایران پر حملے خطرناک مثال قائم کررہے ہیں، امریکا اور اسرائیل کے اقدام سے دنیا کو غلط اشارے مل رہے ہیں۔ تمام فریقین فوری حملے روک کر مذاکرات کا راستہ اپنائیں۔

چین نے عالمی برادری سے موجودہ جنگ کے اثرات کو عالمی معیشت تک پھیلنے سے روکنے کے لیے مزید اقدامات کرنے پر زور دیا ہے۔ اسی طرح قطری نشریاتی ادارے ”الجزیرہ“ کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکن نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ موجودہ جنگ کے اثرات کو عالمی معیشت تک پہنچنے سے روکنے کے لیے مزید اقدامات کرے. انہوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ خلیجی خطہ اور اس سے ملحقہ پانیوں کا شمار دنیا کے اہم تجارتی راستوں میں ہوتا ہے گو جیاکن نے کہا کہ چین فریقین پر زور دیتا ہے کہ وہ صورت حال کو بار بار بگڑنے سے روکیں، جنگ کے پھیلاﺅ سے سختی سے اجتناب کریں اور سیاسی حل کے راستے پر واپس آئیں. انہوں نے کہا کہ چین عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ کشیدگی کو کم کرنے، تنازع کے خاتمے اور علاقائی عدم استحکام کو عالمی اقتصادی ترقی پر مزید اثرانداز ہونے سے روکنے کے لیے زیادہ سنجیدہ کوششیں کرے واضح رہے کہ گزشتہ روز ایران کی 3 مرکزی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، اسرائیل نے امریکی حملے کے بعد آج دوسرے روز بھی فردو جوہری مرکز پر حملہ کیا ہے جبکہ وسطی تہران پر متعدد تنصیبات کو نشانہ بنانے کا بھی دعویٰ کیا ہے، ایران نے بھی آج اسرائیل پر بڑے بیمارے پر میزائل حملے کیے ہیں. یاد رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے چین پر زور دیاتھا کہ وہ تہران کو آبنائے ہرمز بند کرنے سے باز رکھنے میں کردار ادا کرے کیونکہ یہ اقدام امریکی فضائی حملوں کے ردعمل میں ایران کی جانب سے متوقع ردعمل کے طور پر سامنے آ سکتا ہے. امریکی نشریاتی ادارے ” فاکس نیوز “ سے گفتگو کرتے ہوئے مارکوروبیو نے کہا کہ میں بیجنگ میں چینی حکومت سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس معاملے پر ایران سے بات کرے کیونکہ چین اپنی تیل کی فراہمی کے لیے آبنائے ہرمز پر بری طرح انحصار کرتا ہے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایران واشنگٹن کی جانب سے اپنے جوہری مراکز پر حملے کے جواب میں آبنائے ہرمز کو بند کرنے کا راستہ اختیار کر سکتا ہے یہ آبی گزرگاہ دنیا کے تیل کی ترسیل کا ایک اہم ذریعہ ہے جہاں سے دنیا بھر کے کل تیل کا پانچواں حصہ گزرتا ہے۔

(جاری ہے)

امریکی وزیرخارجہ نے کہاکہ اگر ایران نے ایسا کیا تو یہ ایک اور سنگین غلطی ہوگی یہ ان کے لیے معاشی خودکشی کے مترادف ہوگا ہمارے پاس اس سے نمٹنے کے کئی آپشن موجود ہیں انہوں نے متنبہ کیا کہ دیگر ممالک کو بھی اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے کیونکہ اس کے نتائج ان کی معیشتوں پر امریکہ سے کہیں زیادہ منفی پڑیں گے میں سمجھتا ہوں کہ یہ ایک بہت بڑا اشتعال انگیز اقدام ہوگا جس کا ردعمل صرف ہماری جانب سے نہیں بلکہ دیگر ممالک کی طرف سے بھی آ سکتا ہے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات