بلوچستان چیس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے زیر اہتمام بلوچستان کلاسیکل چیس چیمپئن شپ 2025 کا شاندار انعقاد

منگل 24 جون 2025 00:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2025ء) بلوچستان چیس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے زیر اہتمام بلوچستان کلاسیکل چیس چیمپئن شپ 2025 کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں صوبے بھر سے آئے ہوئے 150 سے زائد ذہین اور پرجوش کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ یہ علمی اور دماغی کھیل کا رنگا رنگ میلہ نہ صرف نوجوانوں بلکہ خواتین، سینئر شہریوں اور 60 سال سے زائد عمر کے کھلاڑیوں کے لیے بھی ایک یادگار موقع ثابت ہوا ۔

تقریب میں وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے کھیل محترمہ مینا مجید، سیکرٹری اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ جناب درّہ بلوچ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسپورٹس جناب محب الرحمان، صدر بلوچستان چیس ایسوسی ایشن جناب میر اختر حسین لانگو، اور جنرل سیکرٹری میر اسد خان نے خصوصی شرکت کی ۔تقریب میں بلوچستان کے معروف سینئر چیس کھلاڑیوں اور لیجنڈز انور سلیم کا سی، ج افضل مینگل، اور یوسف بلوچ نے بھی شرکت کی، جنہوں نے نوجوان نسل کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے میں اہم کردار ادا کیا منتظمین کے مطابق، چیمپئن شپ کے اختتام پر مختلف کیٹیگریز میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں کیش انعامات تقسیم کیے گئے ان میں ٹاپ 10 اوورآل پوزیشنز، انڈر 18 کیٹیگری، خواتین کیٹیگری، اور 60 سالہ کیٹیگری شامل ہیں جس کا مقصد ہر عمر کے شطرنج کے شوقین افراد کو حوصلہ افزائی فراہم کرنا تھا۔

(جاری ہے)

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر کھیل و امور نوجوانان مینا مجید بلوچ و دیگر مقررین نے کہا کہ بلوچستان جیسے صوبے میں چیس جیسے علمی کھیل کا فروغ نوجوانوں کی ذہنی نشونما اور تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے نہایت اہم ہے۔ چیس نہ صرف صبر اور برداشت سکھاتا ہے بلکہ فیصلہ سازی کی صلاحیت کو بھی جلا بخشتا ہے۔بلوچستان چیس ایسوسی ایشن نے اس ایونٹ کو ہر سال منعقد کرنے کا عزم کیا ہے تاکہ نوجوان ٹیلنٹ کو قومی و بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا جا سکے۔