میری فکری تربیت علامہ محمد اقبال کے نظریات اور تعلیمات سے جڑی ہے، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا "لائف ٹائم اچیومنٹ میڈل آف آنر" سے نوازے جانے کے موقع پر خطاب

منگل 24 جون 2025 01:30

رباط (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2025ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کو علمی قیادت کے تاریخی اعتراف کے طور پر اسلامی عالمی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم (آئیسیسکو) کے زیراہتمام منعقدہ وائس چانسلرز فورم کی جانب سے" لائف ٹائم اچیومنٹ میڈل آف آنر" سے نواز ا گیا ہے۔ انہیں مراکش کے دارالحکومت رباط میں آئیسیسکو کے صدر دفتر میں منعقد کردہ اسلامی یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کے 6 ویں ’’فورم‘‘ کے دوران اس تاریخی اعزاز سے نوازا گیا۔

یہ باوقار ایوارڈ پاکستان کو علم پر مبنی معیشت کی طرف لے جانے میں پروفیسر اقبال کی بصیرت انگیز قیادت کا بھرپور اعتراف ہے جس سے اعلیٰ تعلیم، سائنس اور جدت میں تزویراتی سرمایہ کاری کی اہمیت اجاگر ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

یہ اسلامی دنیا میں تعاون اور تکنیکی ترقی پر مبنی تہذیب کی تشکیل میں ایک فکری رہنما کے طور پر ان کے کردار کو بھی تسلیم کرتا ہے۔

وفاقی وزیرپروفیسر احسن اقبال نے ''اسلامی ممالک میں اعلیٰ تعلیم کا از سر نو تصور'' کے موضوع کے تحت وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم دنیا کے عظیم دانشوروں میں سے ایک علامہ محمد اقبال کی میراث تک اپنے سفر بارے بتایا۔ پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ میرا سفر علامہ اقبال کی تعلیمات اور فلسفے سے بہت متاثر ہوا ہے، خودی، اجتہاد کے لیے ان کی دعوت اور علم اور وقار سے جڑے مستقبل کی تعمیر نے نہ صرف میری ذاتی شناخت بلکہ اس پورے وژن کو تشکیل دیا ہے جسے میں نے پاکستان کے لیے آگے بڑھانے کی کوشش کی ہے۔ اقبال کے کام کو ماضی کی شاعری کے طور پر نہیں بلکہ ہمارے نوجوانوں کے لیے ایک روڈ میپ کے طور پر مسلم دنیا کی صلاحیت کو بیدار کرنے کے لیے ایک تحریک کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔