Live Updates

امریکا نے دوبارہ جارحیت کی تو جواب پہلے سے کہیں زیادہ سخت اور تباہ کن ہوگا . کمانڈر پاسداران انقلاب

قطر میں امریکی تنصیب کی حفاظت کے لیے جدید اور کئی پرتوں پر مشتمل دفاعی نظام موجود تھا، ایرانی میزائلوں کے حملے میں اسے نقصان پہنچا ہے. میجر جنرل محمد پاکپور کا بیان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 24 جون 2025 13:59

امریکا نے دوبارہ جارحیت کی تو جواب پہلے سے کہیں زیادہ سخت اور تباہ کن ..
تہران(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔24 جون ۔2025 )ایران کی پاسداران انقلاب اسلامی (آئی جی آر سی) کے کمانڈر میجر جنرل محمد پاکپور نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے دوبارہ جارحیت کی تو ایران کی جانب سے اس بار جواب پہلے سے کہیں زیادہ سخت اور تباہ کن ہوگا ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق یہ انتباہ اس میزائل حملے کے بعد سامنے آیا ہے جو ایران نے پیر کی شام قطر میں واقع امریکہ کے العدید فوجی اڈے پر کیا اس کارروائی کو’ ’وعدہ پیروزی“ (وعدہ فتح) کا نام دیا گیا جو حالیہ دنوں میں ایران کی تین جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے جواب میں کی گئی.

(جاری ہے)

آپریشن کے بعد اپنے بیان میں جنرل پاکپور نے کہا کہ یہ سٹریٹجک اڈہ جو مغربی ایشیا میں امریکی سینٹرل کمانڈ کا ”دھڑکتا دل“ سمجھا جاتا ہے اسے امریکہ کے مجرمانہ اور شیطانی حملے کے ردعمل میں نشانہ بنایا گیا انہوں نے کہا کہ یہ امریکی تنصیب جس کی حفاظت کے لیے جدید اور کئی پرتوں پر مشتمل دفاعی نظام موجود تھا، ایرانی میزائلوں کے حملے میں اسے نقصان پہنچا ہے.

امریکی صدر پر طنز کرتے ہوئے جنرل پاکپور نے کہا کہ وہ اسرائیلی حکومت کے تحفظ کے لیے امریکی عوام کی سلامتی اور مفادات کو قربان کر رہے ہیں انہوں نے خبردار کیا کہ اگر امریکہ نے دوبارہ ایران کے خلاف کسی قسم کی جارحیت کی تو اسے ایک ایسا سبق سکھایا جائے گا جو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ایک ایسا پچھتاوا جو واشنگٹن کو دوبارہ ایران کے خلاف اقدام سے پہلے کئی بار سوچنے پر مجبور کرے گا.

ادھر ایران کے صوبہ گیلان کے گورنر نے بتایا ہے کہ استھان اشرفیہ پر دہشت گردوں کے حملے میں نو افراد ہلاک اور 33 زخمی ہوئے ہیں ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق گیلان کے گورنر نے کہا ہے کہ ان حملوں میں چار رہائشی یونٹ مکمل طور پر تباہ ہو گئے اور آس پاس کے مکانات کی ایک بڑی تعداد کو بھی دھماکے سے نقصان پہنچا. ایرانی حکام کے مطابق اس حملے کے پیچھے اسرائیل کا ہاتھ ہے گیلان کے نائب گورنر کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں زخمی ہونے والوں کی کل تعداد میں سے پانچ افراد کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے اور 28 افراد کو آﺅٹ پیشنٹ کے طور پر زیر علاج رکھا گیا ہے اس دہشت گردانہ حملے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں سے 16 خواتین اور بچے شامل ہیںکچھ ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ جوہری سائنسدان محمد رضا صدیقی جنگ بندی شروع ہونے سے قبل آج صبح سویرے اسرائیلی حملوں میں مارے گئے ہیں اسرائیلی فوج نے بھی ایک سینئر جوہری سائنسدان کو ہلاک کرنے کی تصدیق کی ہے. 
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات