ضلعی انتظامیہ چاغی نے ضلع میں لوکل سرٹیفکیٹس کانظام جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر دیا

منگل 24 جون 2025 16:58

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2025ء) ضلعی انتظامیہ چاغی نے ضلع میں لوکل سرٹیفکیٹس کانظام جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کردیا۔ منگل کو ڈپٹی کمشنر چاغی عطاالمنعم بلوچ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نظام رحیم بلوچ کی کوششوں سے چاغی میں لوکل سرٹیفکیٹ کا روایتی اور پیچیدہ نظام مکمل طور پر جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر عطاء المنعم اور اے ڈی سی نظام رحیم بلوچ نے لوکل سرٹیفکیٹ برانچ کا دورہ کیا اور صورتحال کاجائزہ لیا۔

انہوں نے کہاکہ اس نئے نظام کے تحت نہ صرف لوکل سرٹیفکیٹ کی تصدیق کا عمل تیز اور شفاف بنایا گیا ہے بلکہ اس کو نادرا اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ڈیٹا بیس سے مربوط کر کے اس کی قانونی حیثیت اور مستند ہونے کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ آن لائن سسٹم عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے متعارف کروایا گیا ہے جس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ عوام کو مختلف دفاتر کے چکروں سے بھی نجات ملے گی۔

اب تمام مراحل درخواست، تصدیق، جانچ پڑتال اور اجرا ڈپٹی کمشنر کمپلیکس چاغی میں ایک ہی جگہ پر مکمل ہوں گے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد مقامی افراد کو آسانی فراہم کرنا اور غیر مقامی یا جعلی لوکل سرٹیفیکٹ حاصل کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔یہ نظام نہ صرف انتظامی شفافیت کو فروغ دے گا بلکہ آئندہ مردم شماری، ووٹر لسٹوں اور دیگر قومی و صوبائی ترقیاتی منصوبوں میں بھی درست اعداد و شمار کی بنیاد فراہم کرے گا۔

چاغی کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ مقامی سطح پر اس نوعیت کی ڈیجیٹل اصلاحات متعارف کروائی گئی ہیں جو کہ ضلعی انتظامیہ کی عوام دوستی اور وژن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔عوام سے گزارش ہے کہ وہ اس نظام سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور جعلی عناصر کی حوصلہ شکنی میں انتظامیہ کا ساتھ دیں۔