ایران کے حملوں کے بعد صورتحال قابو میں ہے اور زندگی معمول پر آگئی، قطر

منگل 24 جون 2025 18:24

د و حہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2025ء)قطری وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایران کے حملوں کے بعد قطر میں صورتحال قابو میں ہے اور زندگی معمول پر آگئی ہے۔ترجمان قطری وزارت خارجہ ڈاکٹر ماجد الانصاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ العدید ایئربیس کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہیں، قطر کا بحرانوں میں ثالثی کا عزم دنیا کے سامنے ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اس بات کا اطمینان دلاتے ہیں کہ قطر کے فضائی دفاعی نظام نے اس حملے کو کامیابی سے ناکام بنایا اور ایرانی میزائلوں کو روک لیا۔انہوں نے کہا کہ حملے کی مکمل تفصیلات پر مشتمل ایک جامع بیان بعد میں وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری کیا جائے گا۔ترجمان قطری وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ اس طرح کی اشتعال انگیز عسکری کارروائیوں کا تسلسل خطے کی سلامتی اور استحکام کو شدید خطرے میں ڈال دے گا اور یہ اقدامات عالمی امن و سلامتی کے لیے تباہ کن نتائج کا باعث بن سکتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ تمام فریقوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر تمام عسکری کارروائیاں بند کی جائیں اور سنجیدگی کے ساتھ مذاکرات کی میز پر واپسی اور مکالمے کا راستہ اپنایا جائے ۔