محرم الحرام کا چاند کب نظر آئے گا سپارکو نے پیشگوئی کردی

پاکستان میں نئے ہجری سال کا آغاز 27جون 2025کو متوقع

منگل 24 جون 2025 21:33

محرم الحرام کا چاند کب نظر آئے گا سپارکو نے پیشگوئی کردی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2025ء) سپارکو نے پاکستان میں محرم الحرام کا چاند 26جون بروز جمعرات کو نظر آنے کی پیش گوئی کردی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ملک میں نئے ہجری سال کا آغاز 27 جون 2025 سے ہوگا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستانی وقت کے مطابق چاند کی پیدائش 25جون کو سہ پہر 3بجکر 32منٹ پر متوقع ہے، 26جون کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 28گھنٹے اور 15منٹ ہوگی۔

(جاری ہے)

ترجمان سپارکو نے کہا کہ فلکیاتی عوامل کی بنیاد پر 26جون کی شام موسم صاف ہونے پر محرم کا چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے، پاکستان میں یکم محرم الحرام 1447ہجری 27جون 2025 ء کو متوقع ہے۔رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں یوم عاشورہ (9اور 10محرم) ہفتہ 5اور 6جولائی کو ہونے کا امکان ہے۔واضح رہے کہ نئے ہجری سال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبد الخبیر آزاد کی زیر صدارت 26جون کو کوئٹہ میں ہوگا، لاہور سمیت دیگر شہروں میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کا اجلاس ہوگا۔