نشے سے انکار زندگی سے پیار سیمینار کل نارتھ کراچی میں ہوگا

منگل 24 جون 2025 21:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2025ء)الکریم ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام عالمی یوم انسداد منشیات کے موقع پر ایک آگاہی سیمینارکل 25 جون 2025 بروز بدھ سہ پہر تین بجے الکریم پبلک اسکول سیکٹر فائیو بی تھری نارتھ کراچی میں ہوگا۔ اس سیمینار کا مقصد نوجوان نسل کو منشیات کی تباہ کاریوں سے آگاہ کرنا اور والدین، اساتذہ و معاشرے کو اس لعنت کے خلاف مؤثر کردار ادا کرنے کی ترغیب دینا ہے۔

(جاری ہے)

الکریم ویلفیئر فاؤنڈیشن کے چیئرمین ملک عبدالناصر خلجی نے کہا ہے کہ منشیات کی لعنت نے نوجوان نسل کو ذہنی، جسمانی اور اخلاقی طور پر مفلوج کردیا ہے، یہ صرف ایک فرد نہیں بلکہ پورے معاشرے کا اجتماعی المیہ ہے جس کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کرنا وقت کا اہم ترین تقاضا ہے، انہوں نے کہا کہ فاؤنڈیشن نے آغاز سے ہی انسداد منشیات مہم کو اپنی ترجیح بنایا ہے اور مسلسل شعور و آگہی کے لیے سرگرم ہے، سیمینار میں ماہرین صحت، نفسیاتی معالجین، علمائے کرام، اساتذہ، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور طلبہ کی بڑی تعداد شرکت کرے گی، سیمینار میں ان نشہ آور اشیاء پر خصوصی روشنی ڈالی جائے گی جن میں نوجوان تیزی سے مبتلا ہو رہے ہیں، جن میں آئس، ہیروئن، چرس، گٹکا، ماوا، مین پوری، نسوار، نشہ آور گولیاں، سگریٹ، الکحل اور شیشہ شامل ہیں، ماہرین ان نشوں کے جسمانی، ذہنی اور معاشرتی اثرات اور ان سے بچاؤ کے عملی طریقوں پر روشنی ڈالیں گے، ملک عبدالناصر خلجی نے کہا کہ یہ صرف ایک سیمینار نہیں بلکہ ایک مسلسل تحریک ہے جو اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ہر محلہ، اسکول اور گھر نشے سے پاک نہیں ہو جاتا، انہوں نے کہا کہ معاشرتی اصلاح کے لیے حکومت، میڈیا، تعلیمی اداروں اور دینی قیادت کو یکجا ہوکر کام کرنا ہوگا، سیمینار کے اختتام پر منشیات سے متاثرہ خاندانوں کی نمائندگی، آگاہی ویڈیوز اور اجتماعی دعا کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔