اقوام متحدہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرائے:ورلڈ مسلم کانگریس

منگل 24 جون 2025 21:20

جنیوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2025ء) ورلڈ مسلم کانگریس نے بین الاقوامی یکجہتی کے خصوصی نمائندے پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مکمل تحقیقات کرائیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ورلڈ مسلم کانگریس کے نمائندے الطاف حسین وانی نے یہ مطالبہ آج اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 59ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے منظم ناانصافیوں، جبر اور بنیادی حقوق سے محرومی کوبرداشت کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بھارت کا یہ دعویٰ کہ مسئلہ کشمیر ایک اندرونی معاملہ ہے، صریحا غلط ہے۔یہ بنیادی طور پر جموں و کشمیر کے لوگوں کے حق خودارادیت کا معاملہ ہے جوکئی دہائیوں سے بھارتی قبضے کو بھگت ر ہے ہیں۔

(جاری ہے)

الطاف وانی نے کہا کہ بنیادی انسانی حقوق کو دبانے سے مقبوضہ علاقے میں حقیقی استحکام نہیں آسکتا۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تشویش کے اظہار سے آگے بڑھے اور سنگین صورتحال سے نمٹنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔ڈبلیو ایم سی کے نمائندے نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں ڈھائے جانے والے مظالم کی تحقیقات کے لیے ایک کمیشن آف انکوائری قائم کرے، مجرموں کو جوابدہ بنائے اور کشمیری عوام کو صحت کی دیکھ بھال، تعلیم اور ذریعہ معاش میں مدد کے لیے علاقے میں انسانی حقوق کی تنظیموںکی بلا روک ٹوک رسائی کو یقینی بنائے۔

انہوں نے کہا کہ صورتحال کی طرف خصوصی نمائندے کی توجہ ایک اخلاقی ضرورت ہے۔ الطاف وانی نے کہاکہ یہ کشمیری عوام کا حق ہے کہ انہیں انصاف، وقار اور اپنے مستقبل کا خود تعین کرنے کا موقع فراہم کیاجائے۔ آئیے ہم بین الاقوامی یکجہتی کے اصولوں کو برقرار رکھتے ہوئے ضرورت کے وقت ان کے ساتھ کھڑے ہوجائیں۔