قومی فضائی کمپنی (پی آئی اے) میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی عدم دلچسپی کی خبریں بے بنیاد ہیں، نجکاری کمیشن

منگل 24 جون 2025 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2025ء) نجکاری کمیشن نے 21 جون 2025 کو مختلف قومی اخبارات کی ویب سائٹ اور کچھ دیگر نیوز فورمز میں شائع ہونے والی گمراہ کن اور حقائق کے برعکس غلط خبروں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے ان خبروں میں یہ جھوٹا دعویٰ کیا گیا تھا کہ کسی بھی غیر ملکی سرمایہ کار نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن (پی آئی اے سی ایل کارپوریشن ) میں 51 فیصد سے 100 فیصد شیئر ہولڈنگ کی دوسری کوشش میں دلچسپی ظاہر نہیں کی۔

وزارت نجکاری سے منگل کو جاری تردید میں کہا گیا ہے کہ ان رپورٹس میں یہ غلط الزام بھی لگایا گیا ہے کہ نجکاری کمیشن نے بڑے کاروباری گروپس کو اس عمل سے باہر رکھا۔نجکاری کمیشن نے ایسے تمام دعووں اور من گھڑت خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ 19 جون 2025 کو پرائیویٹائزیشن کمیشن نے تمام دلچسپی رکھنے والی جماعتوں کی فہرست کا باضابطہ اعلان کیا، جنہوں نے طے شدہ عمل کے مطابق اظہار دلچسپی (EOIs) اور اہلیت کی دستاویزات (SOQs) جمع کرائی تھیں۔

(جاری ہے)

اعلان کردہ فہرست میں ایک کنسورشیم بھی شامل ہے جس میں دو غیر ملکی ادارے شامل ہیں۔ لہذا اس عمل میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی شرکت واضح طور پر موجود ہے۔نجکاری کمیشن نے مزید کہا ہے کہ واضح کرنا ضروری ہے کہ تین فریقین نے 19 جون 2025 کی مقررہ آخری تاریخ تک اپنے SOQ جمع نہیں کروائے اور انہیں قائم کردہ معیار کے مطابق نااہل قرار دے دیا گیا۔

ان کی نااہلی خالصتاً طریقہ کار کے مطابق اور خودکار تھی، جس میں نجکاری کمیشن نے کوئی کردار یا صوابدیدی اختیار استعمال نہیں کیا۔ مزید برآں پی آئی اے سی ایل کے ملازمین کے ایک گروپ نے ای میل کے ذریعے دلچسپی کا اظہار کیا تاہم انہوں نے EOI جمع کرانے کے لیے رسمی تقاضوں کو پورا نہیں کیا۔ EOI جمع کرانے کے لیے فراہم کردہ توسیع کے باوجود انہوں نے باضابطہ طور پر اس عمل میں حصہ نہیں لیا اور اس لیے ان پر غور نہیں کیا جا سکا۔نجکاری کمیشن قومی مفاد میں شفاف، مسابقتی اور قواعد پر مبنی نجکاری کے عمل کے انعقاد کے لیے پرعزم ہے۔ اس طرح کی گمراہ کن رپورٹس نہ صرف عوام کو غلط معلومات فراہم کرتی ہیں بلکہ سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بھی نقصان پہنچاتی ہیں۔