حکومت پنجاب تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کے تعاون سے امن کے قیام کے لیے اقدامات کر رہی ہے، کمشنرملتان ڈویژن

منگل 24 جون 2025 22:20

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2025ء) کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے شاہ یوسف گردیز امام بارگاہ کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اس موقع پر منتظمین، عزاداران اور لائسنس داران سے ملاقات کی اور ان کے مسائل و تجاویز سنے۔ کمشنر عامر کریم خاں کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی عبد السمیع شیخ بھی موجود تھے۔

کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے کہا کہ حکومت پنجاب تمام مکاتبِ فکر کے علماء کرام کے تعاون سے امن کے قیام کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ کو اس مقصد کے لیے مکمل اختیارات تفویض کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن کو جلوسوں کے روٹس کی مرمت کا ٹاسک دے دیا گیا ہے، جبکہ سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کا عمل تیزی سے جاری ہے تاکہ عزاداروں کو سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ واسا کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گٹروں کے ڈھکن فوری تبدیل کرے۔ مزید برآں، 9 اور 10 محرم الحرام کو لوڈشیڈنگ سے اجتناب اور کم وولٹیج کے مسئلے کے حل کے لیے متعلقہ اداروں کو خطوط لکھے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر میٹھے پانی کی سبیلوں کا بھی انتظام کیا جا رہا ہے۔ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں صبر، برداشت اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے اور امن کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ جلوسوں کے روٹس کی مرمت کے لیے معیاری کام یقینی بنانے کی غرض سے بروقت ٹھیکہ دیا گیا ہے۔