پاکستان اور یو اے ای کا معاہدہ، مخصوص پاسپورٹ پر ویزہ کی شرط ختم

دونوں ممالک کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں 3 اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے

Sajid Ali ساجد علی بدھ 25 جون 2025 10:49

پاکستان اور یو اے ای کا معاہدہ، مخصوص پاسپورٹ پر ویزہ کی شرط ختم
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جون 2025ء ) پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مخصوص پاسپورٹ پر ویزہ کی شرط ختم کردی گئی اس حوالے سے دونوں ممالک کا معاہدہ طے پاگیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور امارات مشترکہ وزارتی کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سرکاری و سفارتی پاسپورٹ پر ویزا کی شرط ختم کرنے سمیت دیگر اہم فیصلے کیے گئے، اس حوالے سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان 12 سال کے طویل وقفے کے بعد ابوظہبی میں مشترکہ وزارتی کمیشن (جے ایم سی) کا 12واں اجلاس منعقد ہوا، وزیر خارجہ و نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ان کے ہم منصب شیخ عبداللہ بن زاید کی قیادت میں ہونے والے اجلاس کو دونوں برادر ممالک کے درمیان سٹریٹیجک، اقتصادی اور ترقیاتی تعاون کو ایک نئی بلندی تک پہنچانے کی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس بارے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ اجلاس میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، انفرا اسٹرکچر اور آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اس موقع پر 3 اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے جن میں ایک بڑا اقدام دونوں ممالک کے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزہ سے استثنیٰ کا معاہدہ ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ شیخ عبداللہ بن زاید کے ساتھ ویزہ سے استثنیٰ کے معاہدے پر دستخط دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد، برادرانہ تعلقات اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا عکاس ہیں، یہ پیشرفت پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے سفارتی، تجارتی اور اقتصادی روابط کی مظہر ہے، اس کے علاوہ مصنوعی ذہانت (AI) و ڈیجیٹل معیشت میں تعاون اور مشترکہ سرمایہ کاری کے فروغ پر بھی باقاعدہ اتفاق ہوا جو مستقبل میں دونوں ممالک کے معاشی مفادات کو مزید وسعت دے گا۔