کِس کی کور ڈرائیو زیادہ بہتر، عادل رشید نے بابر اعظم کو ویرات کوہلی پر ترجیع دیدی

صرف کور ڈرائیو کی بات کریں تو میں بابر کو چنوں گا تاہم بھارتی سٹار کے دیگر سٹوکس بھی بہت پسند ہیں : انگلش لیگ سپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 25 جون 2025 12:26

کِس کی کور ڈرائیو زیادہ بہتر، عادل رشید نے بابر اعظم کو ویرات کوہلی ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 جون 2025ء ) انگلش لیگ اسپنر عادل راشد نے قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کو ویرات کوہلی پر ترجیع دیدی۔ 
حال ہی میں انگلش اسپنر معین علی اور عادل راشد نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جس میں میزبان نے سوال کیا کہ بابر اعظم اور ویرات کوہلی میں سے کس کھلاڑی کی کور ڈرائیو زیادہ خوبصورت ہے؟۔
معین علی نے مسکراتے ہوئے اس سوال کا جواب دینے کی بجائے معاملہ عادل رشید کے سپرد کر دیا، عادل رشید نے تھوڑے توقف کے بعد اعتماد سے کہا کہ میری رائے میں بابر اعظم کی کور ڈرائیو زیادہ خوبصورت ہے۔

 
انہوں نے کہا کہ صرف کور ڈرائیو کی بات کریں تو میں بابر کو چنوں گا تاہم بھارتی اسٹار ویرات کوہلی کے دیگر اسٹوکس بھی انہیں بہت پسند ہیں۔

(جاری ہے)

 

معین علی نے اس لمحے پر ہنستے ہوئے کہا کہ وہ بابراعظم کے بڑے مداح ہیں۔ 
دلچسپ امر یہ ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب عادل رشید نے بابر اعظم کو کوہلی پر ترجیح دی ہو، ماضی میں بھی وہ ایک انٹرویو میں یہی مؤقف دے چکے ہیں، اس وقت ان سے پوچھا گیا تھا کہ وہ بابر اور کوہلی میں سے کس کو بہتر سمجھتے ہیں، تو انگلش کرکٹر کا کہنا تھا کہ یہ ایک مشکل فیصلہ ہے لیکن اگر حالیہ فارم کو مدنظر رکھا جائے تو میں بابر کو منتخب کروں گا۔

 
ادھر بابر اعظم کی حالیہ ٹی20 انٹرنیشنل فارم اور دستیابی پر نظر ڈالیں تو دسمبر 2023ء کے بعد وہ گرین شرٹس کی نمائندگی کرتے نظر نہیں آئے، انہوں نے مارچ 2025ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والی ہوم سیریز میں بھی شرکت نہیں کی اور 28 مئی سے شروع ہونے والی 3 میچوں پر مشتمل بنگلادیش کے خلاف ٹی20 سیریز میں بھی ان کا نام اسکواڈ میں شامل نہیں تھا۔

ذرائع کے مطابق بابراعظم کو آئندہ مجوزہ ٹی20 ٹورز کیلئے بھی ٹیم پلان کا حصہ نہیں بنایا جارہا، جس کی بنیادی وجہ ان کی حالیہ فارم ہے۔ بابر اعظم نے آخری مرتبہ ٹی20 انٹرنیشنل میں نصف سنچری مئی 2023ء میں آئرلینڈ کے خلاف بنائی تھی، جب انھوں نے 75 رنز کی دلکش اننگز کھیلی تھی، وہ اب تک پاکستان کی جانب سے 128 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں جن میں انہوں نے 39.83 کی اوسط سے 4223 رنز اسکور کیے ہیں، ان کے کیریئر میں 3 سنچریاں اور 36 نصف سنچریاں شامل ہیں۔