5 سنچریوں کے باوجود انگلینڈ سے شکست، سنیل گواسکر بھارتی ٹیم پر برس پڑے

جیت کا کریڈٹ انگلینڈ کو جاتا ہے، بھارت کی 5 سنچریوں کے باوجود انگلینڈ کو اعتماد تھا، بھارتی ٹیم نے موقع مس کیا: سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 25 جون 2025 13:08

5 سنچریوں کے باوجود انگلینڈ سے شکست، سنیل گواسکر بھارتی ٹیم پر برس پڑے
ہیڈنگلے (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 جون 2025ء ) بھارتی ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر لیڈز ٹیسٹ میں انگلینڈ کے ہاتھوں بھارت کی شکست پر برس پڑے۔ 
لیڈز ٹیسٹ میں بھارت نے 471 اور 364 رنز بنائے تھے جب کہ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 465 اور دوسری اننگز میں 373 سکور کیا تھا۔ 
انگلینڈ نے 371 رنز کا ہدف 5 وکٹ پر پورا کرتے ہوئے بھارت کو شکست سے دوچار کیا تھا، اس میچ کے بعد بھارت 5 سنچریوں کے باوجود بھی ٹیسٹ ہارنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔

 
سنیل گواسکر نے بھارتی ٹیم کی شکست سے متعلق کہا کہ ’جیت کا کریڈٹ انگلینڈ کو جاتا ہے، بھارت کی 5 سنچریوں کے باوجود انگلینڈ کو اعتماد تھا، بھارتی ٹیم نے موقع مس کیا جب کہ اضافی رنز نے بہت فرق ڈالا‘ ۔ 
سابق بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ جہاں تک فیلڈنگ کا تعلق ہے وہ کلاس کی نہیں تھی، یوں کہیں کہ صرف کیچز ہی نہیں آؤٹ فیلڈنگ بھی بہت معمولی درجے کی تھی۔

(جاری ہے)

 
سنیل گواسکر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیٹنگ کیلئے پچ بہت اچھی تھی ، بولرز کو تنقید کا نشانہ بنانا مشکل ہے ، یہ پہلا ٹیسٹ میچ تھا، امید ہے کھلاڑیوں نے سبق سیکھا ہوگا۔ 
سابق کپتان نے مزید کہا کہ اگلے ٹیسٹ میں 8 روز ہیں، اگلے 2 روز آف کریں پھر سنجیدگی سے پریکٹس کریں، آپشنل پریکٹس کو سائیڈ پر کردیں ، آپ یہاں بھارت کیلئے کھیلنے آئے ہیں آپ اس طرح پریکٹس کریں کہ اپنا بہترین دے سکیں۔